پنجاب حکومت نے جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دے دی
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرقیادت وزارت داخلہ نے جی آئی ٹی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے جناح ہاؤس (کور کمانڈر ہاؤس) میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی اور دیگر فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔
ہفتے کے روز جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کی تشکیل، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن عقیلہ نیاز نقوی کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نفیسہ شاہ کا 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ
پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ گرگئی، علی زیدی نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا
وزارت داخلہ پنجاب کے نوٹی فیکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں 4 پولیس افسران کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے۔
قبل ازیں پنجاب کے عبوری وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف تمام مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ شرپسندوں کے خلاف تمام مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے زور دے کر کہا ہے کہ "ہم کسی مجرم کو نہیں چھوڑیں گے اور کسی بے گناہ کو پکڑا نہیں جائے گا، ہر مجرم کو ثبوت کی بنیاد پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔”
ان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) کے ساتھ ساتھ دیگر فوجی، سول اور نجی املاک پر حملہ کرنے والے سخت سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ مجرموں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔