121 ملین کی کرپشن کا معاملہ: ایف آئی اے نے مونس الہیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے درج کیے گئے مقدمے میں کیس میں زہرہ الٰہی اور عامر سہیل کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) منی لانڈرنگ سرکل نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کے خلاف 121 ملین روپے کی مبینہ کرپشن میں انکوائری کے لیے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق مونس الٰہی بطور ایم این اے اپنے دور میں کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث رہے۔
ایف آئی اے کے مطابق عامر سہیل چوہدری مونس الٰہی کے کیش رائیڈر اور فرنٹ مین کے طور پر کام کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیے
شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا
لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی ظل شاہ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کردی
ایف آئی اے حکام کے مطابق مونس الٰہی کو تین کال اپ نوٹس جاری کیے گئے لیکن وہ ایک بار بھی حاضر نہیں ہوئے۔
کیس میں زہرہ الٰہی اور عامر سہیل کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل لاہور کی مقامی عدالت نے اینٹی کرپشن کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ کو دوسرے دو مقدمات میں عدالت سے رہائی کے بعد دوسرے روز گوجرانوالہ سے تیسرے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔