چیف سیکرٹری پنجاب کی ایما پر افسرشاہی میں بڑے پیمانے پر تبادلے

تجزیہ کاروں کے مطابق بڑے پیمانے کے تبادلے پر کامران علی افضل کو وزیراعلیٰ پنجاب کی خاموش حمایت حاصل ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے اپنی ٹیم بنانے پر توجہ مرکوز کر لی ہے۔ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کر دیئے گئے ہیں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صائمہ سعید کو سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا، محمد شہر یار سلطان کو سیکرٹری سروسز اور سلمان اعجاز کو سیکرٹری زکوٰة لگا دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

میرشکیل اراضی مقدمہ، نیب کے دو گواہان کے بیانات قلمبند

علی سرفراز حسین کو سیکرٹری خوراک تعینات کر دیا گیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد ثاقب منان کا تبادلہ کر کے سیکرٹری آرکائیو لگا دیا گیاہے ۔ زاہد حسین کو کمشنر فیصل آباد کا عہدہ دے دیا گیا ہے۔

لیاقت علی چٹھہ سیکرٹری لیبر اور سید مبشر حسین کو سیکرٹری ماحولیات تعینات کر دیا گیا۔ اسپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو مظفر خان کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔ سلمان غنی کو اسپیشل سیکرٹری بجٹ محکمہ خزانہ تعینات کیا گیا۔

بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ بھی کی گئی ہے۔ صائمہ سعید کو سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن، محمد شہریار سلطان کو سیکرٹری سروسز تعینات کر دیا گیا ہے۔ محکمہ خوراک، زکوٰة، لیبر اور محکمہ ماحولیات کے سیکرٹریز بھی تبدیل کر دیئے گئے۔

یاد رہے کہ نیوز 360 چند روز پہلے ہی بیوروکریسی میں تبادلوں سے آگاہ کر چکا تھا۔

صالحہ سعید کو اسپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری ہیلتھ لگا دیا گیا ہے۔ عنبرین ساجد کو ڈی جی ماحولیات کی پوسٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر فرید احمد کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رضوان اکرم شیروانی کو ڈی جی ایکسائز کا اضافی چارج دے دیا گیا، ایڈیشنل آئی جی اکرم نعیم بھروکہ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ریاض نذیر گاڑھا کو ڈی آئی جی پٹرولنگ تعینات کر دیا گیا ہے ۔ شاہد جاوید کو ڈی آئی جی ایلیٹ فورس لگا دیا گیا ہے۔ ساجد کیانی کوڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اور سرفراز فلکی کو ڈی آئی جی آر این ڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔ سید حماد عابد کو سی پی او گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

پنجاب میں بڑے پیمانے پر تقرریوں اور تبادلوں پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ سارے معاملے پر چیف سیکرٹری پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خاموش حمایت حاصل ہے۔

متعلقہ تحاریر