وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب، دوست مزاری سیشن کی صدارت کرسکتے ہیں، عدالت

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ دوست مزاری ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی ہیں، اجلاس کی صدارت کرسکتے ہیں، دو رکنی بینچ کا فیصلہ جاری۔

دوست مزاری پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ہیں، ان کو اختیار حاصل ہے کہ وہ اسمبلی سیشن اجلاس کی صدارت کر سکتے ہیں، عدالت کا تفصیلی فیصلہ جاری۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کرانے سے متعلق ڈپٹی اسپیکر کو اختیارات دینے کے معاملہ پر عدالت نے 31 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس جواد حسن کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔

عدالت نے کہا کہ دوست مزاری اپنے حلف کے پابند ہیں کہ وہ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروائیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے دوران دوست مزاری قومی اور بین الاقوامی مبصرین اور میڈیا کو سہولیات فراہم کریں۔

فیصلے کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

عدالت نے کہا کہ چیف سیکرٹری کسی بھی شکایت پر فوری طور پر ایکشن لیں، آئی جی پنجاب موجودہ سہولیات کے مطابق امن وامان قائم رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا۔

اسمبلی سیشن کے دوران پولیس کے ہمراہ پنجاب رینجرز کے جوان بھی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی کے اردگرد 500 میٹر تک دفعہ 144 لگا دی گئی ہے، کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکنان پنجاب اسمبلی کے 500 میٹر کی حدود میں اکٹھے نہیں ہو سکتے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ چار سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر بھی پابندی ہے، مال روڈ یا دیگر کوئی راستہ بند کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی پارٹی کے ورکرز کو اسمبلی کے راستے میں اجتماع کی اجازت نہ ہوگی۔

متعلقہ تحاریر