حمزہ شہباز شریف کی پنجاب کے ضمنی انتخابات میں بلواسطہ انٹری
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے 17 جولائی کو پنجاب کے 20 اضلاع میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں ایسے میں وزیراعلیٰ کا پنجاب کی عوام کے لیے ریلیف پیکج "پری پول ریگنگ" (دھاندلی) کے زمرے میں آتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے صوبے کے پسماندہ طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ ان نے کہا ہے کہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے صوبے کے تمام صارفین کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کا اعلان انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے الیکشن کمیشن کو اس پر ایکشن لینا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو بجلی فری فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ان کے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ملک کا حلیہ بگاڑنے کے بعد مریم نواز پی ٹی آئی کے لوٹوں کی انتخابی مہم میں اتر گئیں
آنجہانی سدھو موسے والا کی پنجاب کے ضمنی انتخاب میں انٹری
ان کا کہنا تھا بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لیے مختلف اسکیموں لارہے ہیں ، ہم ضرورت مند شہریوں کو فری آف کاسٹ سولر پینل فراہم کریں گے۔ ہم نے سیاست نہیں ریاست کو بچانا ہے۔ سسکتی معیشت کو بحال کرنا ہے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا میں کسی کو چور نہیں کہوں گا اور نہ عوام کی طرح 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ کروں گا۔ کبھی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے بعد میں شرمندگی ہو ، کبھی اخلاقیات سے گری ہوئی بات نہیں کروں گا ، جب تک پنجاب کا وزیراعلیٰ ہوں آپ سے سچی بات کروں گا۔ حقائق بتاؤں گا اور ثبوت بھی پیش کروں گا۔ عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ کبھی ملک میں ایسا آئینی بحران نہیں ہوگا۔ پچھلی حکومت نے صوبے کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس کے ثبوت پیش کروں گا۔
میاں حمزہ شہباز کا کہنا تھا صحت کارڈ کا پروجیکٹ مسلم لیگ ن کی حکومت 2016 میں لائی تھی ، مسلم لیگ کے پروجیکٹ کو انصاف کارڈ بنا دیا گیا۔ پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ آٹے کے لیے لائنوں میں لگنا پڑتا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے اسپتالوں میں اب کینسر سے لے کر تمام بیماریوں کی ادوایات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یہ کیسی ریاست مدینہ تھی جس میں گھڑیوں کی لائن گئی ، تجاوزات کے نام پر ہزاروں عمارتیں گرانے والے نے اپنا گھر ریگولررائز کرالیا ، عوام سازش کا بیانیہ سن سن کر تنگ آچکے ہیں۔ آج بجلی مہنگی ہے غریب کا کچن مشکل سے چل رہا ہے ، بجلی کا بل آتا ہے تو گھروں میں قیامت آجاتی ہے ، کہاں چار کی تباہی اور کہاں تین ماہ کی کارکردگی ، ہماری نیت ہے پاکستان کو اسی جگہ پر لائیں گے جہاں سے ترقی کا سفر رکا تھا۔
حمزہ شہباز کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 17 جولائی سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں ایسے میں وزیراعلیٰ کا 100 یونٹ بجلی اور سولر پینل مفت فراہم کرنے کا اعلان سیدھی سیدھی پری پول ریگنگ ہے الیکشن کمیشن کو اس پر سختی سے ایکشن لینا چاہیے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دوبارہ کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز اپنی حدود سے تجاوز نہیں کریں گے۔