ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے

نماز عید کے بعد شہر بھر میں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کے حضور میں جانوروں کی قربانی کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں لاہور سمیت ملک بھر میں آج  عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے،نماز عید کے بعد  فرزندان اسلام سنت ابراہیمی میں مصروف ہیں۔

ملک بھر کی طرح لاہور کے مختلف مقامات پر بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جس میں علمائے کرام نے فلسفہ قربانی کی اہمیت کواجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیے

کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جمہوری نظام پر سے اعتماد اٹھادیا

ضلع لیہ کا گاؤں 33 سال سے بجلی سے محروم

مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی ترقی و خوشحالی  اور کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ نماز عید سے فراغت کے بعد جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوگیا جو اتوار تک جاری رہے گا۔

شہر لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز کی ادائیگی کے لئے بڑے اجتماعات ہوئے، لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا ئیں بھی کیں ۔

نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، ڈی جی مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد شاہد حمید ورک سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے امامت کروائی۔

داتا دربار میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی کی امامت میں شہریوں نے نمازپڑھی،جامعہ نعیمیہ میں مولانا راغب نعیمی ، جامعہ اشرفیہ میں حافظ اسد عبید کی امامت میں نماز ہوئی جبکہ ریس کورس پارک میں مولانا عبدالغفار روپڑی، جامعتہ المنتظر میں غلام شبیر نجفی کی امامت میں نماز ادا کی گئی۔

منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق، منہاج الحسین جوہر ٹاؤن میں علامہ حسین اکبر نےامامت کروائی،باغ جناح میں بھی بڑا اجتماع ہوا،عید اجتماعات میں ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

واضح رہےکہ حکومت کی جانب سے عید الاضحیٰ  کے موقع پر 5 چھٹیاں دی گئیں، منگل تک تمام سرکاری ونجی ادارے بند رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر