لاہور کا مہنگا ترین امریکی اسکول یا نشیئیوں کا گڑھ
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں واقع نجی امریکی اسکول میں نشہ کے استعمال سے منع کرنے پر ساتھ طالبات کو اپنی ہی کلاس فیلو پر بہیمانہ تشدد۔
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں واقع نجی امریکی اسکول میں طالبہ کا نشہ سے منع کرنا مہنگا پڑ گیا ، ساتھی طالبات نے اپنی ہی ساتھی طالبہ پر بہیمانہ تشدد کرڈالا، متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیا، سماجی حلقوں نے نجی اسکول میں نشہ کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ساتھی طالبات کی جانب سے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور متاثرہ لڑکی کے والد عمران کی مدعیت پر ڈیفینس پولیس لاہور نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ
رابی پیرزادہ موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کی حمایت میں سامنے آگئیں
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین طالبات نے اپنی ہی ہم جماعت کو زمین پر لٹا رکھا ہے ، ایک طالبہ متاثرہ لڑکی کے بال کھینچ رہی ہے اور اس کے منہ کو فرش پر مارہی ہے ، دوسری لڑکی متاثرہ لڑکی کی ٹانگوں پر بیٹھی اور تیسری لڑکی جوکہ کھڑی ہے متاثرہ لڑکی کے منہ پر ٹھڈے مار رہی ہے، جبکہ دیگر طالب علم اس واقعے کی فلم بندی کر رہے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں لڑکیوں میں سے ایک کو متاثرہ لڑکی کے بال پکڑتے ہوئے اور اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اسے "معذرت” کہنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اس واقعے نے معاشرے کے تقریباً ہر طبقے کے افراد کو متاثر کیا ہے ، سماجی حلقوں نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، اور بچوں اور بچیوں کی اخلاقیات سنوارنے کے حوالے سے کلاسز کے اجراء پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب کیپٹل سٹی پولیس لاہور اور پنجاب پولیس کے آفیشل اکاؤنٹس نے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
لاہور کے نجی سکول میں طالبہ پر تشدد کی ویڈیو وائرل، تشددکانشانہ بننے والی لڑکی کے والد کے مطابق ان کی بیٹی پر اس کی کلاس فیلوز نے تشدد کیا جو نشہ کرتی ہیں، ان کی بیٹی نے ایک لڑکی کے نشہ کرنے کی ویڈیو بنا کراسکے والد کو سینڈ کی تھی#viral #Girlfights #Lahore pic.twitter.com/Qm9sW0wytv
— Asif Mehmood (@AsefMehmood) January 20, 2023
ایف آئی آر، جس کی ایک نیوز 360 نے حاصل کی ہے ، ایف آئی آر متاثرہ لڑکی کے والد کی شکایت پر درج کی گئی۔ شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ ڈی ایچ اے فیز 4 لاہور میں واقع ایک نجی اسکول میں اس کی بیٹی کو اس کی تین کلاس فیلوز نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
متاثرہ لڑکی کے والد عمران یونس نے بتایا کہ ان کی بیٹی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ہی بی بلاک میں واقع امریکن انٹرنیشنل اسکول میں زیر تعلیم ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حملے میں ملوث تین لڑکیوں میں سے ایک کے پاس خنجر تھا۔
عمران یونس نے بتایا کہ لڑکیوں میں سے ایک باکسر ہے ، جس نے ان کی بیٹی کے چہرے پر مارا جبکہ دوسری لڑکی نے اسے لاتیں ماریں ، جس سے اس کے چہرے پر چوٹیں آئیں ہیں، جبکہ سینے پر بیٹھی ہوئی لڑکی نے ان کی بیٹی کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی، اس لیے میری درخواست ہے کہ حملہ آوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی اس حملے کے بعد صدمے سے دوچار تھی اور ویڈیو کلپ وائرل ہونے سے ان کے خاندان کو مزید ذہنی اذیت کا سامنا ہے۔
عمران یونس نے اپنی ایف آئی آر میں الزام لگایا ہے کہ حملے کی مرکزی ملزمہ نشے کی عادی تھی ، ملزمہ نے میری بیٹی کو بھی نشہ کی ایک خوراک لینے کی پیش کش کی تھی ، جس کا اس نے انکار کردیا تھا۔
اس نے ایف آئی آر میں مزید الزام لگایا کہ حملہ آوروں نے حملے کے دوران ان کی بیٹی سے سونے کی چین اور ایک لاکٹ بھی چھین لیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سے بھی رجوع کیا جنہوں نے ان کی بیٹی پر حملے کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق واقعہ میں ملوث کسی لڑکی کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔