نگراں وزیراعلیٰ کی تعیناتی کے بعد پنجاب بیوروکریسی میں بڑے پیمانے تبادلے
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او سمیت بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں۔
محسن رضا نقوی کے بطور نگراں وزیراعلیٰ تعیناتی کے بعد پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے میں تقرریاں اور تبادلے کردیئے گئے ہیں۔
پیر کی رات دیر گئے ایک پیش رفت کے تحت چیف سیکرٹری (سی ایس)، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اور لاہور کیپٹل سٹی پولیس افسر کا تبادلہ کر دیا گیا۔
پنجاب کی نگراں حکومت نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) زاہد اختر زمان کو تبدیل کر کے چیف سیکرٹری تعینات کر دیا۔ مسٹر زمان نے عبداللہ خان سنبل کی جگہ لی ہے۔ وفاقی حکومت نے نئے چیف سیکریٹری کے تبادلے اور تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
زاہد اختر زمان ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار ڈوگر کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ ڈاکٹر عثمان انور کو تعینات کر دیا۔ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، وفاق نے مسٹر ذوالفقار کو اسلام آباد میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کو کہا ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ وہ سی ٹی ڈی پنجاب میں بھی تعینات رہ چکے ہیں جبکہ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز فیصل آباد، سی آئی ڈی اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے طور پر خدمات انجام دیں ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم آفس، ڈی پی او اوکاڑہ، ڈی پی او سرگودھا، ٹیلی کمیونیکیشن اور ایلیٹ پولیس میں فرائض سرانجام دیئے ہیں۔
ایک اور پیش رفت کے مطابق لاہور کے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ بلال صدیق کامیانہ کو سی سی پی او لاہور تعینات کر دیا ہے۔
وفاق کی جانب سے جاری ہونےوالی نوٹی فیکیشن کےمطابق غلام محمود ڈوگر کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









