فوج اور عدلیہ مخالف تقاریر: سکھر میں بھی مریم نواز کے خلاف پٹیشن دائر
سیشن کورٹ میں پٹیشن پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ضلع سکھر کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کروانے کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سکھر میں پٹیشن دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ ظہیر بابر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز پاک افواج اور معزز عدلیہ کے خلاف جلسوں میں ہرزہ سرائی کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پانی و بجلی سے محروم عوام پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی فائرنگ، پولیس نے مظاہرین کو ہی گرفتار کرلیا
جامعہ این ای ڈی میں کلسٹر ڈیولپمنٹ ایجنٹ ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ اداروں اور عدلیہ کے خلاف مریم نواز کی جانب سے نفرت انگیز تقاریر کی جارہی ہے ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے۔ اور مریم نواز کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔
بعد ازیں ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کے دوران ایڈووکیٹ ظہیر بابر نے بتایا کہ مریم نواز عدلیہ اور پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کررہی ہیں، عدالت مریم نواز کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں مقدمہ درج کرائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم کے ذریعے مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیئے جائیں ، پاکستان تحریک انصاف عدلیہ اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔