جامعہ ہمدرد میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کارنیول کا انعقاد

تقریب کے آخر میں صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

کراچی: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان نے بلاول اسٹیڈیم ہمدرد پبلک اسکول میں خواتین کارنیول کا انعقاد کیا جس میں ہمدرد گروپ کی خواتین  کے لیے مختلف تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں کرکٹ کے لیگ میچز بھی شامل تھے۔

ان مقابلوں میں بیڈمنٹن، بیلون شوٹنگ، آرم ریسلنگ، ٹگ آف وار، گھڑ سواری ، کیرم، اونٹ سواری، ڈارٹ گیم اور والی بال کے میچز شامل تھے۔

ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد تقریب کی مہمان خصوصی تھیں جبکہ  ڈاکٹر احسانہ ڈار – ڈین فیکلٹی آف ایسٹرن میڈیسن بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر بیت الحکمہ پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی ، فیکلٹی ممبران پروفیسر ڈاکٹر ڈاکٹر حسنہ ،  ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر شمیم ​​اختر، وائس چانسلر کی کوآرڈینیٹر ایم ایس کوثر اور دیگر اسٹاف ممبران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ملکی تاریخ کا پہلا ہیماٹولوجی آٹومیشن سسٹم ڈاؤ یونیورسٹی میں نصب کردیا گیا

سائبر ورلڈ سے آزادی جسمانی کھیلوں میں ہے،رجسٹرار این ای ڈی

خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے محترمہ سعدیہ راشد نے کہا  کہ اسلام میں خواتین کو وہ تمام بنیادی حقوق دیے گئے ہیں جو انہیں کسی اور معاشرے میں نہیں ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین بہت زیادہ صلاحیتوں کی مالک ہیں اور وہ مزید  کارنامے بھی انجام دے سکتی ہیں ، بشرطیکہ انہیں مثبت مواقع فراہم کیے جائیں۔

ہمدرد پریمیئر لیگ ویمن ڈے اسپیشل میں ہمدرد پبلک اسکول، ہمدرد لیبارٹریز (وقف) پاکستان کی کرکٹ ٹیموں، ہمدرد یونیورسٹی کے عملے اور ہمدرد یونیورسٹی کی طالبات نے ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ میچ کھیلے جسمیں ہمدرد یونیورسٹی کی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ جیت لیا جبکہ ہمدرد پبلک اسکول کی ٹیم رنر اپ رہی۔

آخر میں صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔

متعلقہ تحاریر