کراچی پولیس کی گلشن اقبال میں کارروائی ، پی ٹی آئی ایم پی اے ارسلان تاج گرفتار
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایم پی اے راجہ اظہر کو بھی گرفتار کرنے کے لیے آج صبح ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
کراچی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم پی اے ارسلان تاج کو گرفتار کرلیا جبکہ ایم پی اے راجہ اظہر کو گرفتار کرنے کے لیے بھی ان کے گھر پرچھاپہ مارا گیا ، سابق گورنر سندھ عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت کو اس سب کا جواب دینا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے حکم پر کراچی پولیس نے اتوار کی صبح تحریک انصاف کے رہنما اور اور پی ٹی آئی کراچی چیپٹر کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے ارسلان تاج کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
نوعمر ہندو لڑکی رمیلا کا اغوا؛ زبردستی مذہب تبدیلی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا
پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان کے مطابق ارسلان تاج کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گلشن اقبال کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا ہے۔
ارسلان تاج حسین پی ایس 102 کراچی ایسٹ 4 سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے ہیں۔ ایک دن پہلے ہی ارسلان تاج نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی مذمت کی تھی، اور یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ جماعت اسلامی (جے آئی) درحقیقت، "پی پی پی کی بی ٹیم تھی۔ "
پی ٹی آئی کے ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پولیس نے ارسلان تاج کے گھر پر چھاپہ کے دوران توڑ پھوڑ کی اور اہلخانہ کو ہراسان بھی کیا۔ ان کا کہنا ہے ہم اس گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے صبح ہی کے وقت سندھ کے ایم پی اے راجہ اظہر کی رہائشی گاہ پر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا اور مبینہ طور پر ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جس وقت کراچی پولیس نے راجہ اظہر کے گھر پر چھاپہ مارا اس وقت راجہ اظہر گھر پر موجود نہیں تھے، تاہم پولیس نے اہل خانہ کو ہراسانی کا نشانہ بنایا۔