خیرپور: کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی، 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

چلتی ٹرین کی بزنس کوچ میں ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان آگ لگی، 4 بچوں سمیت 6 مسافر زندہ جل گئے، جان بچانے کیلیے ٹرین سے کودنے والی 70 سالہ خاتون بھی چلی بسی، خاتون اور بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، وزارت ریلوے کا تحقیقات کا اعلان، ٹریک بحال

کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔ خیرپور کے قریب کی ٹرین کی ایک  بوگی میں آگ لگ گئی جس نتیجے میں 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے ۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان چلتی ٹرین کی بوگی نمبر 4 میں آگ لگی جس کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ خاتون اور 4 بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حادثے کا شکار ٹرین کے کراچی سے ہی خراب ہونے کا انکشاف

جامشورو کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، ڈاؤن ٹریک بلاک

 

پاکستان ریلویز کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سے بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی ۔جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔

ریلویز کے مطابق حادثے کی اطلاع فوری طورپر محکمہ فائر بریگیڈ کو دی گئی  جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر پچاس منٹ تک موقع پر پہنچی۔ تقریباً چالیس منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

ریلوے حکام کے مطابق 70سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کوچ سے چھلانگ لگانے پر شدید زخمی ہوئیں اور زخموں کی تاب نہ لا سکیں جبکہ جاں بحق ہونے والے دوسرے مسافر کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی۔

ٹرین حادثے کے دوران لاپتہ ہونے والے 4 بچوں سمیت 5 افراد کی لاشیں کافی دیر تلاش کے بعد لاشیں جلی ہوئی بوگی سے مل گئیں۔ پولیس  نے تصدیق کی ہے کہ آگ لگنے کے 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں نے متاثرہ بوگی سے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں، فائربریگیڈ کی آمد میں تاخیر کے باعث ریلوے کے عملے نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی ۔

وزارت ریلوے نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔  متاثرہ بوگی کو الگ کر کے ٹرین خیرپور روانہ کر دی گئی۔ کئی گھنٹے بعد جلی ہوئی بوگی ٹریک سے ہٹاکر کراچی سے ا ندرون ملک جانے والا اپ ٹریک بحال کر دیا گیا۔

متعلقہ تحاریر