شاہراہ فیصل کی عمارتوں میں آگ لگنا معمول بن گیا ، پورٹ وے ٹریڈ سینٹر کے بعد مہدی ٹاور بھی آتشزدگی کا شکار
کراچی میں تجارتی ، رہائشی عمارتوں اور بازاروں میں آگ لگنے کے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں، شاہراہ فیصل پر واقع مہدی ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ گزشتہ ماہ اسی عمارت کے قریب پورٹ وے ٹریڈ سینٹر آگ کی زد میں آیا تھا

کراچی میں صبح سویرے مصروف ترین سڑک شاہراہ فیصل پر واقع مہدی ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ اس سے قبل اسی عمارت کے قریب پورٹ وے ٹریڈ سینٹر نامی بلڈنگ بھی آتشزدگی کا شکار ہوئی تھی۔
کراچی میں تجارتی، رہائشی عمارتوں اور بازاروں میں آگ لگنے کے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں تاہم صوبائی حکومت اور دیگر ضلع انتظامی اداروں کا آتشزدگی پر بروقت قابو نہ پاسکنا ایک المیہ بنتا جا رہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
نیوکراچی انڈسٹریل ایریا کی تین فیکٹریوں میں آتشزدگی، 4 فائر فائٹرز جاں بحق
شاہراہ فیصل پر واقع مہدی ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی ۔ دوسری منزل پر لگنے والی آگ نے پل بھر میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم بلڈنگ میں موجود تمام افراد کو با حفاظت باہر نکال لیا گیا ۔
شاہراہ فیصل پر مہدی ٹاور میں آگ لگ گئی #News360 #BreakingNews #MehdiTower #Shahrefaisal #Fire pic.twitter.com/ZEKiKYgLWS
— News 360 (@officialnews360) April 28, 2023
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی کی شاہراہ فیصل پرمہدی ٹاورمیں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں ایک اسنارکل اور تین فائر ٹیندرز نے حصہ لیا ۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ عمارت میں موجود تمام افراد کو با حفاظت ریسکیو کیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق بلڈنگ کی چار منزلیں آتشزدگی سے متاثر ہوئیں ۔ چاروں فلورز پر موجود دفاتر کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 12 مارچ کو مہدی ٹاور کے قریب واقع 16 منزلہ عمارت پورٹ وے ٹریڈ سینٹر نامی بلڈنگ میں آگ لگ گئی تھی ۔ شدید ترین آتشزدگی نے پل بھر میں پوری عمارت کو جلا ڈالا تھا ۔
گورنر سندھ کامران ٹسور ی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھاکہ اس کی تحقیقات انتہائی ضروری ہے کہ یہ ایک حادثہ ہے یا کوئی سازش تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی رپورٹ منظر عام پر نہیں آسکی ہے ۔
پی ایس او کے پیٹرول پمپ کے قریب واقع پورٹ وے ٹریڈ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے 12 سے زائد فائر ٹینڈر، 2 اسنارکل، 2 واٹر باؤزر اور متعدد واٹر ٹینکرز آپریشن میں حصہ لیا تھا ۔