سندھ حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کراچی: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد شدید عوامی احتجاج کے بعد صوبائی حکومت نے بدھ کے روز سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔

سید مراد علی شاہ کی زیر قیادت سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کے بعد صوبے بھر میں چار سے زیادہ افراد کے ایک ساتھ جمع ہونے اور کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے 

وارنٹ ہے تو میرے پاس لے آئیں گرفتاری کے لیے تیار ہوں، عمران خان

وزیراعظم شہباز شریف کے ٹوئٹ کے جواب میں عمران خان نے متعدد سوالات اٹھا دیئے

نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے نافذ کی گئی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب  سے ملک کے مختلف شہروں میں متعدد مقامات پر مظاہرے کیے گئے اور پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی۔

مظاہرین نے راولپنڈی میں واقع جی ایچ کیو کے مین گیٹ کو توڑ دیا اور گیٹ کے ساتھ بنی ہوئی عمارت کو آگ لگا دی ، جبکہ لاہور میں کور کمانڈر ہاؤس کو آگ لگا دی گئی تھی اور عمارت کے اندر سے قیمتی سامان کو لوٹ لیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کو رینجرز افسران نے حراست میں لیا جو قومی احتساب بیورو (نیب) کے جاری کردہ وارنٹ پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی گراؤنڈ سے کارروائی کر رہے تھے، جہاں سابق وزیر اعظم اپنے خلاف لگائے گئے متعدد الزامات میں ضمانت کی درخواست دینے گئے تھے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو ’قانونی‘ قرار دے دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر