ایف آئی اے نے رہنما تحریک انصاف اسد عمر کو نوٹس جاری کردیا
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنس نے اسد عمر کو ووٹن کرکٹ کلب سے مبینہ طور پر رقم حاصل کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سیکریٹری جنرل اسد عمر کو منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس جاری کردیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف اسد عمر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک سرکل طلب کرلیا ہے۔ ایف آئی اے نے 25 مئی کو اسد عمر کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی نے میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا
حکومتی کریک ڈاؤن: پی ٹی آئی کا یوسی چیئرمین حلف برداری رکوانے عدالت پہنچ گیا
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف دو کیسز چل رہے ہیں کہ ایک فارن فنڈنگ کا ہے جبکہ دوسرا کیس منی لانڈرنگ کا کیس ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے فارن فنڈنگ سے ملتا جلتا ایک کیس ہے اور وہ کیس ہے ووٹن کرکٹ کلب کا۔ ووٹن کرکٹ کلب سے حاصل ہونے والی آمدنی اسد عمر نے وصول کی تھی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اپریل اور مئی 2013 میں ایک نجی بینک کے عملے نے اسد عمر کے گھر کا وزٹ کیا تھا اور بالترتیب 3 کروڑ روپے اور 98 لاکھ روپے حاصل کیے گئے تھے۔ پھر ایک تھرڈ پارٹی کے ذریعے وہ رقم پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی تھی۔