واپڈا کی نجکاری کے خلاف اور افواج پاکستان کے حق میں ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی ریلی
یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پوری قوم سمیت ملکی اداروں کے ملازمین بھی اپنی افواج پاکستان کیساتھ ہر محاز پر ساتھ کھڑی ہے۔
سکھر: واپڈا کی ممکنہ نجکاری ، مہنگائی کے خلاف اور سیفٹی ڈے سمیت افواج پاکستان کی حمایت میں آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین کے زیر اہتمام سیپکو سرکل آفس سے پریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر ریجن جنرل سیکریٹری شجاعت علی گھرو، سید زاہد شاہ ، ڈاڈا دیدار حسین ، عبدالشکور مستوئی ، عبدالحکیم منگی ، نذر محمد میمن ، اشفاق احمد ، سرتاج ، خلیل احمد ڈومکی ، غلام مصطفی اعوان و دیگر کر رہے تھے۔
اس موقع پر مذکورہ رہنماﺅں نے اپنے خطابات میں کہا کہ لائن اسٹاف کی جان اور مال کی حفاظت لازمی ہے، محنت کشوں کی شب و روز کام کی وجہ سے سیپکو میں بجلی کی چوری میں کمی واقع ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کا ورثہ نشانے پر، فریئر ہال کے بعد ایک اور تاریخی عمارت سرنگاتی کو نقصان
انہوں نے کہا کہ لائن مین کام کرتے ہوئے جلد بازی نہ کریں جو حادثوں کا سبب بنتی ہے ، کام کرتے ہوئے مکمل حفاظت کا خیال رکھیں۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے لیکن ملازمین کی تنخواہ کم ہے جس سے گزارہ مشکل ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین پنشن کی ادائیگی کیلئے ٹھوکریں کھا رہے ہیں ، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری کر کے لاکھوں ملازمین کو بے روزگار کیا جا رہا ہے جو کسی صورت قبول نہیں ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم ایسے ملازم دشمن عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
مذکورہ رہنماﺅں کا مزید کہنا تھا کہ ملازمین کے حقوق کیلئے کسی قدم پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔ قائد عبدالطیف نظامانی کی قیادت میں تمام ملازمین آپس میں متحد و منظم اپنے حقوق کے حصول کیلئے میدان عمل میں کھڑے ہیں۔ ملازمین ادارے کی تعمیر و ترقی سمیت لائن لاسسز سمیت بجلی چوری کی روک تھام کیلئے کوشش کریں ، انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دنیا بھر کی طاقتور افواج میں سے ایک ہے اور ملک دشمن عناصر ملک کی مضبوط دیوار کو گرانے کی سازش کر رہے ہیں جو کسی صورت پوری نہیں ہونے دی جائیگی۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پوری قوم سمیت ملکی اداروں کے ملازمین بھی اپنی افواج پاکستان کیساتھ ہر محاز پر ساتھ کھڑی ہے انہوں نے افواج پاکستان کی ملکی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور شہداءافواج پاکستان کی قربانیوں پر سرخ سلام پیش کیا اختتام ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔