بلاول بھٹو نے وزیراعظم کے سامنے اپنی بےبسی کا نوحہ پڑھ دیا
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ ہونے کے باوجود ٹینکر سے پانی خرید کو استعمال کرتا ہوں۔
گذشتہ 15 سال سے سندھ پر حکومت کرنے والی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور موجودہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی بےبسی کا نوحہ وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے پڑھ دیا ، کہا ملک کا وزیر خارجہ ہونے کے باوجود ٹینکر سے پانی خریدنے پر مجبور ہوں۔ بلاول کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو اپنی بےبسی کا اظہار وزیراعظم سے کرنے کی بجائے سندھ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرنی چاہیے تھی کیونکہ پیپلز پارٹی گذشتہ 15 برسوں سے سیاہ اور سفید کی مالک ہے۔
گذشتہ روز کراچی میں "کے فور منصوبے” کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں خود ٹینکر سے پانی خریدتا ہوں، کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے، اگر وزیراعظم کراچی پر توجہ دیں تو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے نجات مل سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
حافظ نعیم الرحمان کو جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی گرفتاری کے خدشات
وزیراعظم شہباز شریف کا سیاسی بحران کے باجود آئین کی پاسداری کے عزم کا اعادہ
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی کے منصوبوں کو بھی شہباز اسپیڈ دی جائے اس لیے کہ کراچی کو بھی شہباز اسپیڈ کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو اندازہ نہیں کہ سیلاب سے کیا تباہی ہوئی، کراچی کا انفراسٹرکچر بھی مون سون سے تباہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کے عوام کے لیے ڈی سیلینیشن سسٹم لانا ہوگا، شہباز شریف ہمارے وزیراعظم ہیں، آپ سے درخواست ہے کہ آپ ملکی مسائل حل کریں گے۔
بلاول بھٹو زراری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کی کارکردگی سے ایک سال میں زمین آسمان کا فرق آگیا ہے۔ جب قائم علی شاہ وزیر اعلیٰ تھے تو دو بار بریفنگ دی گئی تھی۔ کراچی پر توجہ دیں تو آئی ایم ایف سے ریلیف مل سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ واپڈا ملک کا سب سے غیر مقبول ادارہ ہے جس کی وجہ سے ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز حلقوں میں نہیں جا سکتے۔