کراچی کی وال اسٹریٹ آئی آئی چندریگر روڈ سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی
آئی آئی چندریگر روڈ پر سیوریج کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار فٹ پاتھ پر اپنی بائیک چلانے پر مجبور ہیں۔
شہر قائد کراچی میں سیوریج کا بوسیدہ نظام آئے روز بڑے بڑے حادثات کا سبب بن رہا جبکہ ابلتے ہوئے گٹر حکومتی کارکردگی کا منہ چڑھا رہے ہیں ، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی کی وال اسٹریٹ کے نام جانی جانے والی آئی آئی چندریگر روڈ سیوریج کے پانی میں ڈوب گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ سیوریج کے پانی میں ڈوب چکا ہے ، شہریوں کو سفر کے دوران سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ ملک کا وال اسٹریٹ کہلاتی ہے ، جس کے ایک جانب شاہین کمپلیکس ہے تو دوسری جانب کچھ فاصلے پر گورنر ہاؤس کی بلڈنگ موجود ہے ، جبکہ یہاں سے کچھ دور کے فاصلے پر سندھ اسمبلی کی عمارت بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیے
محکمہ موسمیات نے سندھ کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی
سندھ میں دوران زچگی سالانہ 3 ہزار خواتین اور60 فیصد بچے مرجاتے ہیں
آئی آئی چندریگر روڈ پی آئی ڈی سی اور میٹرو ہوٹل کی جانب بھی سفر میں رہنمائی کرتی ہے۔ کافی عرصے سے آئی آئی چندریگر روڈ پر سینک ہولز نمودار ہورہے جو روڈ پر سیوریج کے پانی کا سبب بن رہے ہیں۔
روڈ کے ایک جانب کے الیکٹرک آفس کے سامنے سیوریج کا پانی کھڑے ہے جس کی وجہ سے کے الیکٹرک کے ملازمین کو اپنی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادارے نے اپنی مدد آپ کے تحت گیٹ کے سامنے کھڑے سیوریج کے پانی کو دوسرے ڈرین میں ڈالنے کے لیے الیکٹرک پمپ کا استمعال کررہا ہے۔
سڑک سے سیوریج کے پانی کو صاف کرنے اور سیوریج کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔ سیوریج کا پانی بار بار سڑک پر کھڑے ہونے سے سڑک اور محلقہ گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر پانی کھڑا رہنا تقریباً آئے روز کا معمول بن گیا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں ، خصوصی طور پر موٹر سائیکل سوال سڑک کو چھوڑ کر فٹ پاتھ پر سفر کو اپنا شیوا بنا لیتے ہیں۔