ماہرہ خان کا کراچی میں زیرتعمیر شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کا دورہ

شوکت خانم اسپتال کراچی رواں سال 29 دسمبر کو کام شروع کردے گا، منصوبے کو رواں سال بھی 15 ارب روپے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان پیشہ ورانہ ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات  میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

ماہرہ خان کینسرجیسے موذی مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلیے گزشتہ 10 سال سے زائد شوکت  خانم میموریل کینسراسپتال سے منسلک ہیں ۔بالخصوص چھاتی کے سرطان کے حوالے سے خواتین کو آگہی فراہم کرنے کیلیے پیش پیش  رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی کے باوجود شوکت خانم اسپتال کراچی دسمبر میں آپریشنل ہو جائےگا، عمران خان

لیگی رہنماؤں کی بیان بازی کے بعد شوکت خانم اسپتال کیلئے فنڈز مہم کا آغاز

 

اداکارہ  نے حال ہی کراچی میں زیرتعمیر ملک کے تیسرے شوکت  خانم میموریل کینسر اسپتال کی عمارت  کا دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیااور اسپتال کے نگراں اور وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی ڈاکٹر  فیصل سلطان سے تفصیلی بات  چیت کی۔

اس موقع پر اداکارہ نے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے ساتھ اپنے 10 سالہ سفر کے بارے میں بات چیت کی۔انہوں نے کہاکہ ابتدا میں انہیں بھی کینسر کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں تھی،آج سے 10 سال پہلے لوگ  بریسٹ کینسر کا نام لیتے ہوئے بھی شرماتے تھے، آگہی پروگرامات میں بریسٹ کا لفظ  سن کر لوگوں کی ہنسی نکل جاتی تھی۔

انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں شوکت خانم اسپتال نے اہم کردار ادا کیا ہے، اب وہ خود بھی کینسر کے بارے میں خاصی معلومات رکھتی ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کراچی میں شوکت خانم کا تیسرا اسپتال تعمیر ہورہا ہے، ہائی وے کے ساتھ موجودگی کے سبب اندرون سندھ  اور بلوچستان کے عوام کی اس تک رسائی آسان ہوگی۔

انہوں نے کہ اس منصوبے پر کثیر سرمایہ لگ چکا ہے اور صرف رواں سال ہی شوکت خانم کراچی کو 11 ارب روپے کی ضرورت ہے۔انہوں نے خوشخبری سنائی کہ شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال رواں سال 29 دسمبر کو کام شروع کردے گا، ابتدا میں کیموتھراپی اور دیگر  ضروری خدمات فراہم کی جائیں گی بعدازاں اسپتال کے مختلف شعبہ جات کو ضرورت کے مطابق فعال کیا جائےگا۔

متعلقہ تحاریر