سکھر چیمبر آف کامرس کا سکھر کو ٹیکس فری زون قرار دینے کا مطالبہ
سید انوار جعفری کا کہنا ہے کہ ٹیکس زیادہ ہونے کی وجہ سے سکھر میں انڈسٹریز لگانے کیلئے کوئی آنے کو تیار نہیں ہے۔
سکھر: سابق سینئر نائب صدر سکھر چیمبر آف کامرس اور جنرل مینیجر گل باٹلر پاکولا سکھر سید انوار جعفری نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا گیا ہے جس سے گوادر میں انڈسٹریز لگنا شروع ہو جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سید انوار جعفری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آٹو سیکٹر بقا کی جنگ میں مصروف؛ پاک سوزوکی کا مزید ٹیکس عائد نہ کرنے کا مطالبہ
بجٹ میں 1000 ارب سے زیادہ سبسڈی نہیں ملے گی، وزارت توانائی کو صاف انکار
ان کا کہنا تھا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا کاروباری شہر ہونے کے باوجود سکھر کو ٹیکس فری زون نہیں کیا گیا جو حکومت سندھ کیلئے سوالیہ نشان ہے۔
سید انوار جعفری کا کہنا ہے کہ سکھر میں سائٹ ایریا میں پلاٹنگ بھی موجود ہے جب سکھر میں اندسٹریز لگنا شروع ہوجائیں گی تو سندھ بھر میں ترقی کی راہیں کھلیں گی اور روزگار کے دروازے کھل جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سکھر چاروں صوبوں کا حب ہے، یہاں بزنس ہے، سائٹ میں جگہ ہے، صرف ٹیکس زیادہ ہونے کی وجہ سے سکھر میں انڈسٹریز لگانے کیلئے کوئی آنے کو تیار نہیں ہے۔
سکھرمیں وفاقی وزیر، صوبائی وزیر، سینیٹر اور میئر ہونے کے باوجود سکھر پیچھے ہے جس طرح بلوچستان حکومت نے گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دیا ہے اسی طرح سندھ حکومت کو بھی چاہئے کہ سکھر کو ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔