سمندری طوفان بپرجوائے آج دوپہر کیٹی بندر سے ٹکرائے گا، 80ہزار افراد کی نقل مکانی
بپرجواے کراچی سے 230 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 235 کلومیٹر جبکہ کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر کے فاصلے پر موجودہے، طوفان کے مرکز میں 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ چل رہے ہیں جبکہ 25 سے 30 فٹ بلندر لہریں اٹھ رہی ہیں، محکمہ موسمیات
بحیرہ عرب میں بننے والا انتہائی شدید سمندری طوفان بپرجوائے آج دوپہر 2 بجے سندھ میں کیٹی بندر کے ساحل سے ٹکرائے گا۔
طوفان کی ممکنہ تباہی کے پیش نظر کیٹی بندر، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر واقع شہروں اور دیہات سے 80 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ماہر تعمیرات ماروی مظہر سمندر میں قائم عمارتوں کے مکینوں کیلیے فکرمند
بپرجوائے: بشریٰ انصاری کا یوٹیوبرز کی افواہوں پر کان نہ دھرنے کا مشورہ
محکمہ موسمیات نے بپر جوائے کے حوالے سے تازہ ترین انتباہ جاری کرتے ہوئےبتایا ہے کہ بپر جوائے مسلسل 6 گھنٹے شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور کراچی کے جنوب سے 230 کلومیٹر،جنوبی ٹھٹھہ سے 235 کلومیٹر جبکہ کیٹی بندر سے 155 کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب اور جنوب مغرب میں موجودہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے اطراف 120 سے 140کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ مرکز میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑچل رہے ہیں جبکہ 25سے 30 فٹ بلند لہریں اٹھ رہی ہیں۔سازگارموسمی حالات طوفان کی شدت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ حالات کے پیش نظر امکان ہے کہ بپر جوائے آج دوپہر 2 بجے کے بعد کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان شام 4 سے رات 8 بجے کے درمیان گجرات سے ٹکرائے گا۔
طوفان کے پیش نظر ساحلی علاقوں سے تقریباً 80 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہدایات کے باوجود بعض افراد اب بھی ساحلی علاقوں میں موجود ہیں اور گھر بار چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔
سمندری طوفان بپر جوائے کے زیرِ اثر کراچی کی ساحلی پٹی میں پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ہاکس بے میں سمندر کا پانی سڑک پر آگیا ، کراچی سے منوڑہ کا زمینی راستہ جزوی منقطع ہوگیا، منوڑہ جانے والے روڈ پر ریت اور پانی کی وجہ سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ادھر ابراہیم حیدری میں پانی آبادی میں داخل ہوگیا، کراچی ائیر پورٹ پر چھوٹے طیاروں کا فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے۔