کراچی: چیز ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

فائر ڈیپارٹمنٹ حکام کا کہنا ہے آگ پر قابو پانے کے لیے 10 سے زائد فائر ٹرینڈرز مصروف عمل ہیں جبکہ ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے پانی کے متعدد ٹینکرز جائے وقوعہ پر بھیج دیئے گئے ہیں۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے جیل پر واقع چیز ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ دھویں کی وجہ سے بے ہوش والا ایک شخص دوران علاج جاں بحق ہو گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق جیل روڈ پر واقع چیز ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے بیس منٹ میں لگنے والی آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے عمارت کے دیگر کئی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ، ابتدائی طور پر کم از کم 10 فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف تھیں جبکہ اب اٹھارہ فائر ٹینڈرز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف  ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

صدر دھماکہ ، سی ٹی ڈی دہشتگرد اللہ ڈنو کی آڈیو کال سامنے لے آئی

ریسکیو 1122 کے حکام نے لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دے رکھا ہے۔

فائر ڈپارٹمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ آگ صبح 11 بج کر 10 منٹ پر لگی تھی جس کے فوری بعد کم از کم دس فائر ٹینڈرز جائے وقوعہ پر روانہ کر دیئے گئے تھے۔

ایم ڈی واٹر بورڈ کا کہنا ہے آگ پر قابو پانے کے لیے پانی کے متعدد ٹینکرز روانہ کردیئے گئے ہیں جبکہ اسٹینڈ بائی میں بھی پانی کو ذخیرہ کررکھا ہے۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے چیف فائر آفیسر (سی ایف او) مبین احمد نے بتایا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے تہہ خانے میں لگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیز ڈیپارٹمنٹل اسٹور نے تہہ خانے میں اپنا گودام بنا رکھا تھا۔

آگ بجھانے کے آپریشن میں حصہ لینے کے لیے کراچی بھر سے فائر ٹرکوں کو بلایا گیا ہے۔

دوسری طرف ریسکیو 1122 کی 5 ایمبولینسیں بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے مصروف عمل ہیں جبکہ عمارت کو مکمل طور پر خالی کرالیا گیا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ آگ پر جلد قابو پالیا جائے گا، اور آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے اوپر واقع رہائشی عمارت سے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ایسٹ کا کہنا ہے کہ دھوایں کی وجہ سے اسٹور کے بیس منٹ میں جانے مشکلات پیش آرہی ہے جس کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دیر ہورہی ہے۔ عمارت میں ایک مریض کو ریسکیو کیا گیا ہے اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر