دعا زہرہ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش، دانتوں ، ہڈیوں اور جسم کے مختلف حصوں کے ٹیسٹ مکمل
کراچی کی مقامی عدالت کے حکم پر تشکیل دیا گیا 10 رکنی میڈیکل بورڈ تمام ٹیسٹس کی حتمی رپورٹ تین دن میں پیش کرےگا۔

جوڈیشنل مجسٹریٹ کے حکم پر کراچی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی دعا زہرہ کو میڈیکل ٹیسٹ کے لیے 10 رکنی میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کردیا گیا۔ کراچی پولیس نے آج دعا زہرہ کو لاہور سے کراچی منتقل کیا تھا۔
رواں سال فروری میں کراچی سے لاپتا ہوکر پنجاب میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کی عمر کا تعین کرنے کے لیے کراچی کے مقامی عدالت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا جسے آج 10 رکنی میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
دعا زہرا مبینہ اغوا کیس:تفتیشی افسر کی تبدیلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
سندھ میں کورونا پابندیوں کا نیا حکم نامہ جاری، ماسک پہننا لازم قرار
ڈاؤ ڈینٹل اسپتال کے طبی عملے نے دعا زہرہ کے دانتوں کا معائنہ کرلیا ہے جبکہ اس کے مختلف ٹیسٹ اور ایکسرے بھی کیئے گئے ہیں۔ جس کے رزلٹ تین دن میں آئے گا۔
میڈیکل بورڈ دعا زہرہ کے پیدائشی سرٹیفیکیٹ سمیت دیگردستاویزات کو بھی چیک کرے گا۔
محکمہ صحت سندھ نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لئے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل 10 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔ میڈیکل بورڈ کی سربراہی ڈاؤ میڈیکل کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر صبا سہیل کررہی ہیں۔
دانتوں کے معائنے کے بعد دعا زہرہ کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کے بازوؤں ، کہنیوں اور جسم کے مختلف حصوں کے ایکسرے لے لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ پولیس نے دعا زہرہ کو آج میڈیکل کے لئے لاہور سے کراچی منتقل کیا تھا۔ کراچی کی عدالت نے 25 جون کو دعا زہرہ کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں عمر کے تعین کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔