کے الیکٹرک کی مستثنیٰ علاقوں میں بھی رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ہم اپنے صارفین کے ساتھ ہونے والی زحمت کے لیے مخلصانہ معذرت کے خواہاں ہیں۔
کے الیکٹرک (کے۔الیکٹرک) نے یکم جولائی سے اپنے تمام صارفین کے لیے لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی فراہمی کی موجودہ رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے رات کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا جائےگا۔
لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول پر بات چیت کرتے ہوئے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ "نظرثانی شدہ شیڈول کے لیے وزارت توانائی حکومت سندھ اور کمشنر کراچی کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ہم ان مسائل کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔”
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں کورونا پابندیوں کا نیا حکم نامہ جاری، ماسک پہننا لازم قرار
ایم کیوایم لندن کے ارسلان خان اہلخانہ سمیت گھر میں قید ہوگئے
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے عوام کی سہولت کے لیے لوڈشیڈنگ کے نئے شیڈول کو کے ای کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔ صارفین اپنے انفرادی نظام الاوقات تلاش کرنے کے لیے اپنے اکاؤنٹ نمبر استعمال کر سکتے ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ "کے ای ایس ایم ایس سروس کے ذریعے رجسٹرڈ صارفین سے بھی باضابطہ طور پر رابطہ کر رہا ہے،”
ترجمان نے وضاحت کی کہ "کراچی کے صنعتی زونز اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (KWSB) اور کراچی ایئرپورٹ جیسی اسٹریٹجک تنصیبات کو توانائی فراہم کرنے والے فیڈرز اور اسٹریٹجک فیڈرز کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری رہے گی۔”
کے الیکٹرک کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ "لوڈ شیڈنگ کے نئے شیڈول کا اطلاق روزانہ کی بنیاد پر ہو گا ، اور نیٹ ورک پر لازمی دیکھ بھال یا تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں رکاوٹوں کا لوڈشیڈنگ سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ادارے کی ٹیمیں ‘معلوم مسائل کو درست کرنے’ کے لیے دستیاب ہوں گی اور اس کے کال سینٹر نمبر ‘118’ سے چوبیس گھنٹے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ "وہ صارفین جن کی لوڈ شیڈنگ کے مقررہ اوقات میں 30 سے 40 منٹ زیادہ کی بندش ہو تو وہ اپنے پاور اسٹیٹس کے بارے میں اپ ڈیٹس کے لیے KE Live ایپ کو دیکھ سکتے ہیں۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف ہونے والے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان کے الیکٹرک نے واضح کیا ہے کہ "بجلی کی فراہمی کی صورتحال کے حوالے سے ملک ایک مشکل وقت گزر رہا ہے۔ عالمی اقتصادی چیلنجز ایندھن کی سپلائی لائن میں رکاوٹ کی بنیادی وجہ ہے جس سے K-Electric بھی متاثر ہو رہی ہے۔”
ترجمان کے الیکٹرک کی گزارش
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ "ہم اپنے صارفین کے ساتھ ہونے والی زحمت کے لیے مخلصانہ معذرت خواہ ہیں۔ جہاں ہم احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، وہیں ہم اپنے شہریوں سے امن برقرار رکھنے کی درخواست کرتے ہیں۔ گزشتہ 30 دنوں کے دوران، کے الیکٹرک کے مختلف دفاتر کو احتجاج کے دوران نشانہ بنایا گیا ، جو کہ شہر میں "کے الیکٹرک” کے آپریشنز کرنے کی صلاحیت کو متاثر کر رہے ہیں۔”
ترجمان کا کہنا ہے کہ "بدقسمتی سے اس وقت قومی سطح پر بجلی کی کمی کے ساتھ ساتھ ملک میں گیس اور آر ایل این جی کی بھی کمی ہے۔ ہم توانائی کے وزیر امتیاز شیخ کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کو مزید کم کرنے کے لیے اضافی بجلی اور گیس طلب کرنے کا وعدہ کیا۔”