مرید عباس قتل کیس، تین سال بعد زارا عباس کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا
ایڈیشنل سیشن جج کو ریکارڈ کیے بیان میں بیوہ مرید عباس نے کہا ہے کہ عاطف زمان نے اپنے آفس میں بلوا کر میرے شوہر کو قتل کیا تھا۔
9 جولائی 2019 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والے نجی ٹی وی چینل کے اینکر مرید عباس کی بیوہ زارا عباس نے اپنا بیان سیشن جج کے سامنے ریکارڈ کرا دیا ہے۔
مرید عباس قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے زارا عباس کا کہنا تھا عاطف زمان نے مرید عباس کو اپنے آفس میں بلا کر قتل کیا تھا ، قاتل مرید عباس کو لین دین کے معاملے پر قتل کی دھمکیاں دیا کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
حیدر آباد میں بلال کاکا کے قتل کے بعد کراچی میں کشیدگی، میڈیا پر چین ہی چین
سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیوایم کی بلدیاتی حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست پر سماعت
نیوز اینکر زارا عباس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دھمکیوں کے بعد مرید عباس نے مجھے کہا تھا کہ تم بچوں کو لے کر اپنے والدین کے گھر منتقل ہو جاؤ۔
بعدازاں عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے نجی ٹی وی نیوز اینکر اور مرید عباس کی بیوہ زارا عباس نے لکھا ہے کہ "آج میرے شوہر مرید عباس کے قاتل (عاطف زمان) کے خلاف میرا واضح بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔ الحمدللہ!۔”
Today my evidential statement against the killer (AtifZaman) of my husband Mureed Abbas has been recorded. Alhamdulillah! May you rot & burn in hell. Amen#JusticeForMureedAbbas pic.twitter.com/zuuS0uf31C
— Zaara Abbas Khan (@iam_zaarakhan) July 16, 2022
زارا عباس نے قاتل عاطف زمان کو بددعا دیتے ہوئے مزید لکھا ہے کہ "تم جہنم میں سڑو اور جلو۔ آمین۔”
9 جولائی 2019 کو ملزم عاطف زمان نے ڈیفنس میں واقع اپنے آفس میں مرید عباس اور اس کے بزنس پارٹنر خضر حیات کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔