وزیراعلیٰ سندھ کی اقوام متحدہ، یورپی یونین اور دیگر عالمی اداروں سے مدد کی اپیل

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے صوبہ شدید متاثرہواہے، وفاقی حکومت، اقوام متحدہ، یورپی یونین سمیت دیگر عالمی ادارے مدد کیلئے آگے آئیں

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں بارش وسیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرین کی مدد کیلئے اقوام متحدہ، یونیسیف، یورپی یونین اور دیگر عالمی اداروں سے مدد کی درخواست کردی ہے۔

سکھربیراج میں سیلابی صورتحال پر بریفنگ لینے کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے رابطے کے لیے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ، بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچا دی، حکمران اشرافیہ منظر سے غائب

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں اس وقت 2010 کے سیلاب سے زیادہ بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔ بارشوں سے کراچی تا کشمور تک پورا صوبہ  متاثر ہوا ہے جبکہ کراچی کے کچھ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے آج بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ  لینے آنا تھا تاہم موسم کی صورتحال کے باعث وہ نہ آسکے تاہم اگلے چند روز میں وہ سکھر کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ہمیں اس وقت 2010 سے بھی زیادہ مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت سے  گزارش کی ہے کہ صوبے کی مالی مدد اور تعاون کیا جائے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے نے بتایا کہ سندھ بھر میں کل تک بارشوں سے 170 اموات ہوئی تھیں جس میں آج مزید اضافہ ہوگیا ہے خیرپوراورسکھر میں آج مزیدہلاکتیں ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس بار500 فیصد زائد بارشیں ہوئیں۔ سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ اور افسوس ہے تاہم عوام کی مکمل مدد کیلئے نکلیں ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم محنت کررہےہیں اگرمیڈیا اسے فوٹوسیشن سمجھتا ہےتو ہمیں اسکی پرواہ نہیں۔ ہم عوام کی مدد اور مشکلات حل کرنے میں مصروف ہیں۔ نکاسی آب کا نظام بہتر کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اللہ سے خیر کی توقع ہےکل سے ایک اور اسپیل صوبے میں داخل ہو رہا ہے ۔ 2010اور 2012 سے زیادہ بد ترین حالات کا سامنا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج گڈو بیراج سے اور کل سکھر بیراج سے اونچے درجے کا سیلابی ریلی گذرے گا۔ سکھر سے کوٹری بیراج تک حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے کے لیے مشینری فراہم کردی گئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس مشکل صورتحال میں جو ادارہ غفلت برتے گا وہ مجرم ہوگاجبکہ مشکل حالات میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سند مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے تمام اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ سندھ کے 11 اضلاع کے تمام دیہی علاقوں کا دورہ کرکے آیا ہوں جبکہ ہمارے عوامی نمائندے بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔

متعلقہ تحاریر