سکھر کے تاجروں کا بڑااعلان، سیلاب سے تباہ 100 گھر دوبارہ تعمیر کیے جائیں گے

سکھر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے سیلاب سے متاثرہ 100 گھروں کی دوبارہ تعمیر کروانے کا اعلان کردیا، ایوان صنعت و تجارت نے حکومت سے یوٹیلٹیز بلز کی معافی اور بینک لون کا دورانیہ بڑھانے اور سود کی معافی کا بھی مطالبہ کیا

سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے شہر میں سیلاب سے متاثرہ 100 گھروں کی دوبارہ تعمیر کروانے کا اعلان کردیا ہے۔ ایوانِ صنعت و تجارت نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین  کے یوٹیلیٹی بلز معاف کیے جائیں۔

سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے اجلاس میں سیلاب سے منہدم ہونے والے 100 گھروں کی تعمیر کا بیڑا اٹھالیا گیا ہے۔ ایوانِ صنعت و تجارت کا اجلاس  صدر عامر علی خان غوری کی زیر صدارت ہوا ۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر چیمبر آف کامرس کا بجلی بلوں میں فکس ٹیکس کے خلاف احتجاج کااعلان

صدر ایوان صنعت و تجارت سکھر کی زیر صدارت اجلاس میں سرپرست اعلیٰ  وقار محمود خان، نائب صدر عبدالمجید قریشی، سابق صدور شکیل احمد مختار، محمد دین، محمد رضوان الحق ملک، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے ابتدائی مرحلے میں سکھر کے غریب و سفید پوش متاثرین کے 100گھر تعمیر و بحال کرنے کا اعلان کیا جبکہ متاثرین کے لیے ”رین ریلیف فنڈ“ کیلئے مالی امداد کی ایک خطیر رقم بھی جمع کروائی۔

سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سکھر کے تمام صارفین کے یوٹیلٹی بلز معاف کیئے جائیں اور  بینک کے قرضوں کی ادائیگی کا دورانیہ بڑھایا جائے، اس پر عائد سود معاف کیا جائے ۔

ایوان صنعت و تجارت نے کہا کہ سکھر کے چھوٹے تاجروں کو بھی حکومتی ریلیف پیکج میں شامل کرکے امداد فراہم کی جائے۔متاثرین کو امداد فراہم کرنے کیلئے  تاجروں سے مشاورت کی جائے تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے۔

متعلقہ تحاریر