سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے آبائی شہر نوڈیرو کا ریلوے اسٹیشن یا بھوت بنگلہ
ٹرینوں کی بندش سے نوڈیرو کا شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن تباہی کا منظر پیش کررہا ہے ، عوام نے حکامِ بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، اور اسٹیشن کو فعال کرنے کی درخواست کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابقہ بانی سابق وزیر اعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کے آبائی شہر نوڈیرو میں قائم شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن سے ٹرینوں کی آمدورفت کی بندش کے بعد ریلوے اسٹیشن مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
نوڈیرو کا تباہ حال ریلوے اسٹیشن ویرانی کا منظر پیش کر رہا ہے ، وفاقی سرکار اور ریلوے انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ریلوے کالونی سمیت مال گودام مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
یہ بھی پڑھیے
جونیئر ذوالفقار بھٹو کی قیدی سے ملاقات، جیل سپریٹینڈنٹ لاڑکانہ نوکری سے معطل
محکمہ بلدیات سندھ کے 32 افسران کیلئے سرکاری گاڑیاں مال غنیمت بن گئی
ٹرینوں کی مکمل بندش کی وجہ سے علاقہ کے عوام ریلوے کے سستے سفر سے محروم ہوگئے ہیں، جس پر شہریوں کی جانب سے ریلوے انتظامیہ اور وزیر اعظم پاکستان سمیت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ریلوے اسٹیشن کی رونقیں بحال کرنے کے لیے ریلوے لائن کو مکمل بحال کرنے اور تمام بند گاڑیوں کے اپ ڈاؤن اسٹاپ بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حالیہ بارشوں کے بعد مکمل طور پر ٹرینوں کی بندش سے کراچی ، کوئٹہ اور پشاور جانے کے لیے اس علاقہ کے مکین پرائیویٹ کوچز میں مہنگا سفر کرنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔
کورونا کی وبا اور بارشوں کی تباہ کاریوں سے مایوس لوگ پرائیویٹ کوچز کی من مانی کاریوں سے مایوس ہوگئے ہیں ، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے خصوصی درخواست کی ہے کہ نوڈیرو اسٹیشن کو دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو پھر سے سستی سواری میسر آسکے۔