میلاد مصطفیٰﷺ کا مقصد دین شناسی ہے، معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل

رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عمیر محمود کا کہنا تھا کہ نبی آخر الزماں رسول اکرمﷺ کی ذات محورِ اتحاد ہے، یہی ذات اتحاد بین المسلمین کی اساس بھی ہے۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت 21ویں سالانہ محفل عید میلادالنبیﷺ کا انعقاد ہر برس کی طرح امسال بھی مرکزی آدیٹوریم میں کیا گیا۔

این ای ڈی ایمپلائز محفلِ میلاد کمیٹی کے تحت منعقدہ اس محفل عید میلادالنبیﷺ سے مفتی محمد اسماعیل نورانی اور ڈاکٹر عمیر محمود (رکن اسلامی نطریاتی کونسل) نے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیے

حامد میر نے عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر پر خواجہ آصف کو لاجواب کردیا

فنانشل ٹائمز کو عمران خان کا انٹرویو: تحریک انصاف نے ویڈیو جاری کرکے فیک نیوز کا بھانڈا پھوڑ دیا

اس پُرنور محفل میں معروف نعت خواں قاری محسن قادری، سید حسن علی قادری، جواد اختر قادری، عدنان شیخ قادری اور ذوہیب علی اشرفی نے گلہائے عقیدت، نذرِ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیے۔

ترجمان جامعہ این ای ڈی کے مطابق اس محفل کا باقاعدہ آغاز میزبان جواد اختر القادری کی نظامت میں تلاوت کلامِ الہی سے ہوا ، تلاوت قرآن کریم قاری عدنان شیخ نے کی۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مفتی اسماعیل نورانی کا کہنا تھا کہ زمانے کے دلوں میں زندہ رہنا، اس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معراج انسانیت کے اعلیٰ درجے پر فائز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صدیاں بیت چکی ہیں لیکن آج بھی زمانے کے قلوب و اذہان میں نقش رسول اللہﷺ زندہ ہے۔

محفل عید میلادالنبیﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسولِ خدا(ص) رحمت العالمین بناکر بھیجے گئے. اُن کے ہر عمل کو مومن کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا گیا۔

اس بابرکت محفل سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عمیر محمود کا کہنا تھا کہ نبی آخر الزماں رسول اکرمﷺ کی ذات محورِ اتحاد ہے، یہی ذات اتحاد بین المسلمین کی اساس بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیماتِ رسولﷺ کی روشنی میں مسلمانوں کو دیگر اقوام سے بہتر نظر آنا چاہیے کیوں کہ یہی آقا کی خواہش اور کوشش تھی۔

جامعہ این ای ڈی کے تحت منعقدہ اس محفل عید میلادالنبیﷺ کے موقعے پر معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ آج کے اس نفسانفسی کے دور میں رسول اکرمﷺ کے کردار اور گفتار پر عمل کی ضرورت ہے تاکہ ہم معاشرتی بہتری کی جانب سفر کرسکیں۔

انہوں نے این ای ڈی ایمپلائز محفلِ میلاد کمیٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے تحت منعقدہ میلاد مصطفیٰﷺ کا مقصد معاشرے کو دین شناسی کے مواقعے فراہم کرنا ہے۔

اس موقعے پر رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت بڑی تعداد میں طالب علموں سمیت جامعہ کے اساتذہ اور اسٹاف نے محفلِ میلاد میں شرکت کی۔

اس محفل عید میلاد النبیﷺ کے اختتام پر محمد ایاز عطاری نے بارگاہ رب العزت دعائے خیر کی۔

متعلقہ تحاریر