الہٰ دین پارک کو بحالی کے بعد بانی پاکستان کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان سپریم کورٹ کے حکم پر منہدم کیے گئے الہٰ دین پارک کو دوبارہ سے اصل حالت میں بحال کرکے اسے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا ہے، سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے حکم پر الہٰ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے بعد سے پارک تاحال بند ہے

گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے الہٰ دین پارک کو دوبارہ سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پارک کو اصل شکل  میں بحال کرکے اسے جناح پارک کا نام دیا جائے گا ۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمان نے عوامی سیر گاہ "الہٰ دین پارک” کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے  کہا کہ شہر قائد کے مکینوں کے لیے تفریحی پارک جلد کھول دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

الہٰ دین کا چراغ بجھنے سے ہنستے چہروں پر اداسی چھا گئی

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت الہٰ دین پارک میں تعمیراتی کام  شروع کروادیا ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق اسے  اصل حالت میں بحال کریں گے۔

کامران ٹیسوری نے شہر قائد کو دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ الہٰ دین پارک کو  اصل حالت میں بحال کرکے اسے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب کیا جائے گا ۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے شہر قائد کے مکینوں کو سستی تفریحی گاہ فراہم کرنے کے لیے الہٰ دین پارک کو دوبارہ سے عوام کیلئے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نےمتعلقہ محکموں کو تعمیراتی کام میں  تیزی لانے کی ہدایت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جون میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس الہٰ دین پارک میں تجاوزات گرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد سے کراچی کی عوامی تفریحی گاہ بند پڑی ہوئی تھی۔ عدالتی حکم پر پارک میں قائم کلب اور شاپنگ مال بھی منہدم کیا گیا تھا ۔

سابق چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بینچ کے حکم کے بعد تجاوزات کے خلاف آپریشن میں شدید مزاحمت بھی دیکھنے میں آئی تھی تاہم پارک میں موجود پویلین اینڈ کلب اور شاپنگ مال سمیت سیکڑوں دکانیں منہدم کردی گئیں تھی ۔

دوسر ی جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان  کے احکامات پر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے یم سی ) نے  شہر میں جگہ جگہ قائم  تمام غیر نیلامی چارج شدہ پارکنگ کے ٹھیکے منسوخ کر دئیے ہیں ۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے تمام غیر نیلامی چارج شدہ پارکنگ ٹھیکوں کی منسوخی کا نوٹیفکیشن  بھی جاری کر دیا گیا۔ پہلے مرحلے میں چھ پارکنگ سائٹس کے ٹھیکے منسوخ کردئیے گئے۔

متعلقہ تحاریر