کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہوسکتی، چیف الیکشن کمشنر

 ہم آپ کی بات کو مسترد کرتے ہیں کہ دہرے الیکٹورل رولز پر الیکشن ہورہے ہیں، آپ سمجھتے ہیں کہ آپ الیکشن میں تاخیرکروالیں گے، آپ کے اب تک کے دلائل غیر متعلقہ ہیں، سکندر سلطان راجہ کا ایم کیوایم کے وکیل سے مکالمہ  

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہےکہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہوسکتی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کراچی حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق دوہری الیکٹورل فہرستوں کے معاملے پر ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں بلدیاتی الیکشن ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کاخدشہ

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے انتظار میں 12 امیدوار دنیا سے رخصت ہوگئے

دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ایم کیو ایم کے وکیل سے کہا کہ آپ مختلف فورمز پرگئے لیکن پہلے کبھی یہ مسئلہ نہیں اٹھایا، آپ سپریم کورٹ، ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں گئے لیکن یہ معاملہ پہلی بار اٹھایا ہے، کوئی اور بھی مسئلہ ہے تو وہ بھی آج ہی اٹھالیں تاکہ ہم اکٹھے سن لیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے ایم کیو ایم کے وکیل سے کہا کہ آپ غلط بیان دے رہے ہیں کہ دوہرے الیکٹورل رولز استعمال ہورہے ہیں، ہم آپ کی بات کو مسترد کرتے ہیں کہ دوہرے الیکٹورل رولز پر الیکشن ہورہے ہیں، آپ سمجھتے ہیں کہ آپ الیکشن میں تاخیرکروالیں گے، آپ کے اب تک کے دلائل غیر متعلقہ ہیں۔

سکندر سلطان راجا کا کہنا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہوسکتی، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔بعد ازاں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

متعلقہ تحاریر