پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کو نئی حلقہ بندیاں کرانے سے صاف انکار کردیا
ہم حلقہ بندیاں نہیں کرسکتے، کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے، بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہونگے، کراچی، حیدر آباد میں بھی جیالا میئربنے گا، صوبائی وزیر سعید غنی کی پریس کانفرنس
پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ بندیوں کے معاملے پر ایم کیوایم کو ٹوک جواب دیتے ہوئے نئی حلقہ بندیاں کرانے سے صاف انکار کردیا۔
صوبائی وزیرسعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہوں گے، کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔ ہم حلقہ بندیاں نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھیے
غلط حلقہ بندیوں کے باوجود جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے حق میں ہے، حافظ نعیم الرحمان
ایم کیو ایم پاکستان بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرے ، فرار ممکن نہیں
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے سینیٹر سعید مہدی، شہلا رضا اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں بھی ہے، اگر کسی کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کرے۔ان کا کہنا تھا کہ جو چیز ہمارے اختیارات میں نہیں ہم اس پر کیا کہیں؟ اگر کوئی ہم سے کہے کہ حلقہ بندیاں کردیں تو ہم کر نہیں سکتے۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق ڈسٹرکٹ لیول پر کام کا جائزہ لیا جارہا ہے، اتوار کو پیپلز پارٹی ریلی نکالے گی۔انہوں نے کہا کہ ریلی بلاول ہاؤس چورنگی سے اسٹار گیٹ تک نکالی جائے گی۔
سعید غنی نے کہا کہ ہر یو سی میں انتخابی مہم کےحوالے سے پروگرامز ہورہے ہیں، 7 اضلاع میں عہدیداروں کی ڈیوٹیاں یو سی کی سطح پر لگادی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ دو یو سی میں ہمارے امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے، مختلف سیاسی جماعتوں سے ہمارا اتحاد ہے۔