بانی ایم کیوایم کے بغیر کسی کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں، فاروق ستار کا خالد مقبول کو پیغام
متنازع حلقہ بندیاں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ہے، مجھے بوآگئی ہے کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی میں خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے، اب فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کرنا ہے، سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی
ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فارووق ستار نے مردم شماری اور بلدیاتی حلقہ بندیوں کے بارے میں ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی حمایت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے دبے لفظوں انہیں پیغام دیا ہے کہ بانی ایم کیوایم الطاف حسین کے بغیر کراچی میں کسی کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں۔
پی آئی بی کالونی میں ملاقات کیلئے آنے والے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی اس جہدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیے
ایم کیو ایم کی درخواست مسترد، بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو پرانی ووٹر لسٹوں پر کرانے کا فیصلہ
پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کو نئی حلقہ بندیاں کرانے سے صاف انکار کردیا
انہوں نے کہا کہ آج میری خالد مقبول صدیقی سے اہم ملاقات اور گفتگو ہوئی ہے، خوشی ہے اہم مسئلے پرایم کیوایم پاکستان احتجاج کرنے جارہی ہے، مردم شماری میں ہمیشہ ہمیں کم گنا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے سے کوئی اچھا پیغام نہیں جارہا، کراچی اور حیدرآباد میں رہنے والے ہر طبقے کے ساتھ ظلم اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ متنازع حلقہ بندیاں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش ہے، اب فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو ایک سندھ رکھنا چاہتے تھے اور اب بھی چاہتے ہیں، سندھ میں ہمیں رواداری قائم رکھنی ہے، پیپلز پارٹی کی چالاکی نے ہماری ایک سندھ کی کوششوں پر پانی پھیردیا، ووٹ دینے والے اور الیکشن لڑنے والے کو بھی حق نہیں مل رہا۔
فاروق ستار نے کہا کہ جماعت اسلامی کی نظر صرف مئیر شپ پر ہے، مجھے یہ بو آگئی ہے کہ پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی میں خفیہ معاہدہ ہوگیا ہے، یہ معاہدہ مہاجروں کے خلاف اور مہاجروں کو دیوار سے لگانے کیلیے نہیں بلکہ دیوار میں چنوانے کیلیے ہوا ہے، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی اس ناانصافی میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ کھیل بلدیاتی انتخابات کی آڑ میں کھیلا جارہا ہے، یہ بلدیاتی انتخابات نہیں ہیں، پہلے سے طے کرلیا گیا ہے کہ میئر شپ کس کو دینی ہے۔ ایک سوچی سمجھی بساط بچھائی جارہی ہے، اس شہر کو آگ میں دھیکلا جارہا ہے۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے ملاقات میں خالد مقبول صدیقی کو دبے لفظوں پیغام دیا کہ کراچی میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے بغیر کسی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنا اب ممکن نہیں رہا۔ پارٹی کو کراچی میں سیاسی بقا کیلیے اپنے اصل کی جانب لوٹنا ہوگا۔