الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست سندھ ہائیکورٹ سے مسترد
سندھ ہائی کورٹ نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ الیکشن اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
سندھ ہائیکورٹ نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
حلقہ بندیوں کو جواز بنا کر ایم کیو ایم نے سندھ ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگی یانہیں؟ عمران خان اور پرویز الہیٰ میں مقابلہ اب ہوگا
عمران خان اور پرویز الہیٰ کا مسلم لیگ (ن) کو پنجاب میں بڑا سرپرائز
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس عدنان الکریم پر مشتمل ڈویژن بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ایم کیو ایم کی دائر درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 22 ویں ترمیم کے بعد کسی بھی فیصلے کے لیے الیکشن کمیشن کا کورم پورا ہونا ضروری ہے۔ لیکن جب الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا جب شیڈول جاری کیا گیا ، اس وقت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ممبران موجود نہیں تھے۔
دوران سماعت جسٹس اقبال کلہوڑو نے ایم کیو ایم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ یہ باتیں پہلے بھی بتا چکے ہیں ، اگر آپ کے پاس کوئی نئے دلائل ہیں تو وہ دیں۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا ایم کیو ایم کی درخواست پہلے بھی سندھ ہائی کورٹ مسترد کرچکی ہے ، اور سپریم کورٹ بھی اس پر فیصلہ دے چکی ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بھی متحدہ کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ اگر ان کو مزید کوئی ریلیف چاہیے تو یہ دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔ اصل میں یہ صرف وقت ضائع کررہے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ الیکشن اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔