پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم پھر بھاگ نکلے، کراچی،حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن پھر ملتوی
ایم کیوایم کے مطالبے پر سندھ کابینہ نے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی منظوری دیدی، محکمہ بلدیات نے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کردیا، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا احتجاج کا اعلان
پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم پاکستان پھر بھاگ نکلے،کراچی، حیدرآباد اور دادو میں بلدیاتی الیکشن چوتھی مرتبہ ملتوی کردیے گئے۔
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور احتجاج کی کال کے بعد سندھ حکومت نے گورنر ہاؤس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد رات دیر گئے کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہوسکتی، چیف الیکشن کمشنر
کراچی میں بلدیاتی الیکشن ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کاخدشہ
سندھ کابینہ نے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی منظوری دینے کے بعد محکمہ بلدیات نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کی جانب سے سیکشن 10 اے کے تحت حلقہ بندیوں کو ختم کیا گیا ہے۔
محکمہ بلدیات نے لکھا کہ کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن نہ کرائے جائیں، سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
محکمہ بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کرائے جائیں گے، ضلع دادو اس وقت بھی بارش اور سیلابی پانی سے متاثر ہے، دادو کی تحصیل میہڑ اور تحصیل خیرپور ناتھن شاہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جائیں۔
دریں اثنا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی صدارت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور بعض دیگر وزرا کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں، سندھ میں امن و امان کی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو ڈی لمیٹیشن پر تحفظات ہیں، چاہتے اتحادیوں کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں البتہ سندھ کے باقی تمام اضلاع میں الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے۔
پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کا کراچی اور حیدرآباد کے عوام کے حق پر شب کسی صورت قبول نہیں۔۔۔
ہم مذمت نہیں مزاحمت کرینگے
کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے
کراچی کے عوام کا حق ان وڈیروں اور انکے چیلوں سے چھین کررہیں گے۔۔— Naeem ur Rehman (@NaeemRehmanEngr) January 12, 2023
سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے اعلان کے بعدامیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا کہ رات کی تاریکی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم نے کراچی اورحیدرآباد پر شب خون مارا۔
انہوں نے کہا کہ کارکن تیار رہیں صبح10 بجے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، احتجاج کریں گے، عدالت اور الیکشن کمیشن بھی جائیں گے۔امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے ہمارا حق چھین لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ہاتھوں شکست کے خوف سے PPP اور MQM ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن سے بھاگ گئے!
کل نیوزی لینڈ پاکستان کرکٹ میچ میں خلل نہیں ڈالنا چاہتے تاہم پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہفتہ کو احتجاج کی کال دوں گا! #کراچی_کپتان_کا #حیدرآباد_کپتان_کا
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) January 12, 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہاتھوں شکست کے خوف سے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ پی پی پی اور ایم کیوایم ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن سے بھاگ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہفتہ کو احتجاج کی کال دی جائے گی۔