ای سی پی شفاف بلدیاتی انتخابات کرانے میں ناکام رہا، جے آئی اور پی ٹی آئی کا موقف
پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کردیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نمبر ون پارٹی ہیں کوئی اس کو عزت کے ساتھ قبول کرے یا نہ کرے ہم نمبر ون ہیں۔ رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ میئر تو ہمارا ہی بنے گا۔
یہ بھی پڑھیے
نئی فوجی قیادت کے ساتھ کوئی ریلیشن شپ نہیں ، عمران خان
ناراض سیاسی رہنماؤں نے ملک کوبحرانوں سے نکالنے کیلیے سرجوڑ لیے
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمارے نمبر کم کرکے ، اور یہ تاثر دے کہ ہم بادشاہ سلامت ہیں اور آپ ایک گھٹیا سے رعایا ہیں ، آپ کو ہم عطا اس لیے کریں گے کہ آپ دربار سے منسلک ہوجائیں ، ایسا بالکل نہیں چلےگا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہم نے پیپلز پارٹی سے ڈبل ووٹ لیے اس لیے میئر کراچی تو ہمارا ہی بنے گا۔ ہم اپنی جیتی ہوئی نشستوں کا معاملہ حل کروانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا سندھ حکومت اور ڈی آر او اور آر او کے ذریعے پوسٹ پول دھاندلی کے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں ، تمام تر عملے کو بار بار ہدایات جاری ہو رہی ہیں ، لیکن پریذائیڈنگ افسر اپنے ماتحت عملے کے کہنے پر بھی فارم 11 اور 12 دینے کو تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ، پیپلز پارٹی کے تمام ووٹ بعد میں ڈالے گئے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا ہم کسی صورت میں موجودہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کرتے ہیں ، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ لوگ اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں۔ اس الیکشن کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔
اسد عمر کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات دوبارہ کرائے جائیں۔ کراچی کے خلاف گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے۔ کراچی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ کراچی کا حق چھیننے والی پارٹی پیپلز پارٹی کو کیا کراچی ووٹ دے سکتا ہے۔ انہیں تو جلسہ کرنے کے لیے بھی باہر سے لوگ لانے پڑتے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام رہا ہے کراچی کے اندر صاف و شفاف انتخابات کرانے میں۔ الیکشن کمیشن کو ایک نیا الیکشن کرانا چاہیے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ زبردستی چرایا گیا ، جائز احتجاج کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جماعت اسلامی کی نشستیں بھی چھینی گئیں۔