ٹنڈو الہٰیار میں غربت ومہنگائی کے ستائے والدین کی خودکشی ،5 بچے یتیم ہوگئے
گاؤں موریو ساند میں 2 روز قبل بچوں نے روٹی مانگی تو گھر میں آٹا نہیں تھا، 5بچوں کی ماں پارسا دلبرداشتہ ہوکر پھندے پر جھول گئی، گزشتہ روز بچوں کی بھوک نے باپ کو بھی موت کو گلے لگانے پرمجبور کردیا، بوڑھے اور بیمار دادا کے کاندھوں پر 5 یتیم پوتا پوتیوں کی ذمے داری آگئی۔
ملک میں روز بروز بڑھتی مہنگائی اور غربت نے لوگوں کی زندگیاں نگلنا شروع کردیں۔ ٹنڈو الہٰیار کےنواحی گاؤں موریو ساند میں غربت اور مہنگائی سے پریشان میاں بیوی نے 2دن کے فرق سے خودکشی کرکے 5 بچوں کو ظالم سماج میں بے آسرا چھوڑدیا۔
ٹنڈو الہٰیار کے گاؤں موریو ساند میں جھونپڑی میں 5 کمسن بچوں کے ساتھ زندگی بسر کرنے والی پارسا اور اس کے شوہر نےبھوک سے بلکتے بچوں کو روٹی نہ دے سکنے پر موت کو گلے لگالیا۔
یہ بھی پڑھیے
نئے سال میں مہنگائی کی شرح 31.75 فیصد تک بڑھ گئی
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مہنگائی اور آٹے کے حصول کے لیے خواتین کے سڑکوں پر دھرنے
پولیس کے مطابق دو روز قبل بیوی نے مبینہ طور پر غربت اور مہنگائی سے تنگ آکرگلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کرلی تھی اور گزشتہ روز اس کے شوہر نے بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق غربت اور مہنگائی سے تنگ آکر میاں بیوی نے خودکشی کی ہے۔
A couple in Tando Allah Yar commits suicide leaving behind 5 children. First the mother took her life then two days later the father hung himself. As per family and neighbours they lost all hope due to poverty and constant struggle for daily survival. pic.twitter.com/lILTFPS94F
— M. Jibran Nasir 🇵🇸 (@MJibranNasir) January 22, 2023
خودکشی کرنے والے میاں بیوی کے پانچ بچے ہیں، میاں بیوی کی خودکشی کے بعد 5 بچے یتیم ہوگئے۔پڑوسی کا کہنا ہے کہ گھر میں آٹا نہیں تھا، بچوں نے روٹی مانگی تو دلبرداشتہ پارسا نے گلے میں پھندالگاکر خودکشی کرلی۔
2 روز بعد بچوں نے باپ سے روٹی مانگی تو اس نے بھی یہی کہا کہ میرے پاس آٹا نہیں ہے اور دلبرداشتہ ہوکر اسی پھندے سے جھول گیا جس پر 2 روز قبل اس کی بیوی نے جان دی تھی۔
پارسا اور اس کا شوہر 4 بیٹوں اور ایک بیٹی کو بھوک اور مہنگائی سے لڑنے کیلیے بیمار دادا کے سہارے چھوڑ گئے ہیں۔بچوں کا دادا رو رو کر ہلکان ہوگیا ہے کہ ان بچوں کو کون پالے گا۔