ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے پنجاب کے دوروں کا اعلان کردیا

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر کا کہنا ہے نواز شریف جلد ملک میں واپس آکر ملک کو پھر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں ان سب لوگوں کو بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے اتنا پیار دیا اور استقبال کے لیے آئے ، ہم سب کے محبوب قائد میاں محمد نواز شریف جلد ہمارے درمیان ہوں گے ، اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو تین بار حکومت مگر اِنہوں نے اُنہیں حکومت سے نکال دیا، دو مرتبہ ملک سے نکالا گیا ، مگر وہ آج بھی اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔

ان خیالات کا اظہار مریم نواز شریف نے لندن سے واپسی پر مسلم لیگ (ن) کے استقبالی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف پھر پوری طاقت سے ملک میں واپس آرہے ہیں ، میں اپنے تمام بھائیوں سے وعدہ کرتی ہوں کہ اس ملک کی ترقی کے لیے ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔ 28 جولائی 2017 کو نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا گیا ، وہ ایک بہت بڑا سانحہ تھا۔ وہ دن اور آج کا دن پاکستان سنبھلنے میں نہیں آرہا۔ مگر آپ سے وعدہ ہے جب تک اس ملک کی تقدیر نہیں بدلیں گے ، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ نواز شریف کو ملک سے نکالنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں۔ مگر نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز نے تم سے انتقال نہیں لیا۔ تم لوگ اللہ کے حساب کا نشانہ بنے ہو۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلز پارٹی کا عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

مسلم لیگ ن سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی قربانیاں بھی بھول گئی

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں گیس مہنگی ہے ، ملک میں مہنگائی ہے ، بجلی مہنگی ہے ، مگر میں اپنی قوم سے وعدہ کرتی ہوں کہ ترقی کرتا ہوا پاکستان واپس آئے گا۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کی نو سالہ محنت کو پاکستان کی تاریخ سے نکال دیا جائے تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ مجھے آج تک سمجھ نہیں آسکی کہ نواز شریف کا اہلیت کی سزا ملی یا نااہلیت کی سزا ملی۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک پھر ایک مرتبہ آگے بڑھے گا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے۔ پرچیاں پڑھ کر چیروں کی قیمتیں بتاتا تھا ، 8 ماہ کا حساب تو بعد میں ہوگا مگر پہلے پچھلے 5 سالوں کا حساب ہوگا۔ چند روز پہلے اپنی حکومت خود ہی گرائی اب خود ہی رو بھی رہا ہے۔ رونے کی تیاری کرو کیونکہ باقی کی زندگی ان شاء اللہ رونا پڑے گا۔

انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اسحاق ڈار پر یقین رکھیں وہ ملکی معیشت کو مشکل سے ضرور نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) انتخابات سے نہیں ڈرتی ، پنجاب کے آنے والے انتخابات مسلم لیگ (ن) ان شاء اللہ بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ میری سرجری ہونا تھی مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے مجھے پاسپورٹ نہیں دیا ، اللہ کا شکر ہے کہ اس نے ظلم و جبر کے ساتھ ان کے سامنے جھکنے نہیں دیا۔ پنجاب کے دوروں کو شیڈول بن گیا ہے اب ہر روز مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے ملاقاتیں ہوں گی۔

متعلقہ تحاریر