شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدہ چھوڑ دیا، نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر کی تصدیق

نواز شریف پر تین سال قبل واضح کر دیا تھا کہ اگر مریم کو پارٹی میں سینئر عہدے پر لایا گیا تو میرے لئے پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہوگا، دی نیوز نے شاہد خاقان عباسی سے منسوب خبر چھاپ دی، سابق وزیراعظم کی میڈیا کو کوئی بیان دینے کی تردید، شاہد خاقان عباسی بڑے رہنما ہیں، نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، محمد زبیر

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے مریم نواز کو پارٹی کا سینئر نائب صدر بنانے پر  پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کے ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن دھمکی کیس: فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور

عمران خان اور فواد چوہدری کا توہین الیکشن کمیشن کیس کے بینچ پر اعتراض

جنگ گروپ کے انگریزی روزنامہ دی نیوز کے سینئر رپورٹر نے اپنی خبر دعویٰ کیاتھا کہ  شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے مستعفی ہوکر  ملک کی بہتری کیلئے ’’ری امیجننگ پاکستان‘‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

صالح ظافر کی خبر کے مطابق  پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی بات چیت میں شاہد عباسی نے   کہا کہ انہوں نے نواز شریف پر تین سال قبل واضح کر دیا تھا کہ اگر مریم کو پارٹی میں سینئر عہدے پر لایا گیا تو ان کیلئے پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب سے مریم لندن سے آئی ہیں اس وقت سے ان کی مریم سے بات چیت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ان کی سرجری کامیاب رہی، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نون لیگ کے ساتھ آخری دم تک ساتھ رہیں گے لیکن اگر پارٹی نے ان کے ساتھ راہیں جدا کرلیں تو وہ گھر جانا پسند کریں گے۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دوسرے چوہدری نثار بننے جا رہے ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں حد سے زیادہ پر عزم سیاسی کارکن نہیں ہوں۔

جیونیوز کے رابطہ کرنے پر شاہد خاقان عباسی نے اس پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر کسی میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی مریم نواز کو بغیر مشاورت پارٹی کا چیف آرگنائزر بنائے جانے پر نالاں تھے اور انہوں نے اس فیصلے پر استعفیٰ اگلے ہی روز بھجوادیا تھا۔

 دریں اثنا مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی تصدیق کردی۔ لاہور میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نےکہاکہ  میری پوزیشن بہت کلیئر ہے، مفتاح اسماعیل پارٹی میں ہیں اور ڈار صاحب بہت سینئر ہیں، پارٹی کا گند پبلک میں ڈسکس کرنا نہیں چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، وہ پارٹی کے ورکر ہیں اور بڑے رہنما ہیں، مجھے نہیں لگتا نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے سے انہیں کوئی فرق پڑتا ہے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان بہت سینئر ہیں، نہیں خیال انہیں عہدہ چھوڑ کر ان کے قد میں کوئی فرق پڑتا ہے، وہ بڑے لیڈر ہیں وزیراعظم رہ چکے ہیں، پارٹی کو ان کے تجربے کی ضرورت  ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے بطور سینئر نائب صدر استعفیٰ دیا ہے جس کی تصدیق مریم اورنگزیب نے بھی کی ہے۔

اس سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی گزشتہ روز  نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی  کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ  شاہد خاقان عباسی نے خاموشی بہتر سمجھی اور ایک طرف ہو گئے، شاہد خاقان عباسی نے اس لیے استعفیٰ دیا تاکہ مریم کو پورا اسپیس مل جائے۔

متعلقہ تحاریر