سانحہ پشاور ہوا نہیں اور انہوں نے الیکشن ملتوی کرنے کی باتیں کردیں، عمران خان کا حکومت پر الزام
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکمران سانحہ پشاور کو سیاست کے لیے استعمال کررہے ہیں ، سانحے کو لے کر انتخابات میں التواء کرنا چاہتے ہیں، ایسا ہوا تو آرٹیکل 6 لگے گا۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل مشرف نے کرپٹ ٹولے کو این آر او دے کر غداری کی تھی ، انہیں این آر او ٹو دے کر دوبارہ غداری کی گئی ہے ، انتخابات میں تاخیر کرنے سے آرٹیکل 6 لگے گا ، انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو لنک خطاب کرتےہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا یہ لوگ انتخابات میں اس لیے تاخیر کررہے ہیں کیونکہ انہیں ڈر کہ کہیں عمران خان جیت نہ جائے۔ حکمران دہشتگردی کی آڑ لے کر انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں۔ اگر یہ لوگ انتخابات کے التواء میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو ملک کا بہت بڑا نقصان ہوگا ، ہم نے عام انتخابات کےلیے دو اسمبلیاں تحلیل کی تھیں۔ تاریخ میں پہلی بار کسی نے خود اپنے دو اسمبلیاں تحلیل کیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان نے میدان کے جتنے چکرلگانے تھے لگالیے اب ن لیگ کی باری ہے، مریم نواز
12 جماعتی حکومت ناکام ترین حکومت ہے، سینیٹر مشاہد حسین سینیٹ میں پھٹ پڑے
عمران خان کا کہنا تھا میں پوچھتا ہوں کہ کیا 2013 اور 2018 میں دہشتگردی نہیں تھی ، ایسی کیا تبدیلی آئی کہ دہشتگردی آسمان پر چلی گئی ، حکمران سانحہ پشاور کو الیکشن ملتوی کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں ، سانحہ پشاور پر سیاست کی جارہی ہے، سانحہ پشاور ہوا نہیں تھا اور انہوں نے الیکشن ملتوی کرنے کی باتیں شروع کردیں تھیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالف افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جارہا ہے ، نگراں حکومت جے آئی ٹی میں مداخلت کررہی ہے ، نگراں حکومت کا کام صرف صاف و شفاف انتخابات کرانا ہوتا ہے ، آئین 90 روز کے اندر اندر انتخابات کرانے کا حکم دیتا ہے۔
سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک نہیں سنبھال سکتے تھے تو سازش نہ کرتے ، انہوں نے اقتدار اس لیے حاصل کیا تاکہ اپنے 11 سو ارب روپے کے کیسز ختم کراسکیں۔ 10 ماہ میں 10 ارب ڈالر کا مزید قرضہ بڑھ گیا ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے والی ہیں ، آج بنیادی مہنگائی کی شرح 40 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 16 فیصد تھی ، ہم 16 ارب ڈالر کے ذخائر چھوڑ کر گئے تھے آج 3 ارب ڈالر رہ گئے ہیں ، ڈالر مہنگا ہونے کا اثر ابھی مارکیٹ پر نہیں آیا جب آئے گا ہر شے مہنگی ہو جائے گی ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 90 روپے کمی آئی ہے ، سازش سے اقتدار سے نہ ہٹاتے تو سب چیزوں کے ذمہ دار ہم ہوتے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا ہمارے دور میں برآمدات ، ترسیلات زر اور ٹیکس محصولات بڑھ رہی تھیں ، ہم نے کامیابی سے آئی ایم ایف کا پلان مکمل کیا ، معاشی بدحالی اور مہنگائی کی کیا وجوہات ہیں۔
آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری کے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، زرداری نے سندھ میں دہشتگردی پھیلا رکھی ہے ، زرداری قرآن پر ہاتھ رکھ بتائے آج تک کتنے لوگ مروائے ہیں ، زرداری نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے ، سب سے پہلے عدالت پوچھے گی آپ کی کوئی عزت ہے؟ کیونکہ ہتک عزت کا دعویٰ تو وہ لوگ دائر کرتے ہیں جن کی کوئی عزت ہوتی ہے۔ قیامت کی نشانی ہے کہ زرداری نے مجھ پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ عدالت میں زرداری کے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کا تیسرا پلان دہشتگردی کے نام پر مجھے قتل کرانا ہے ، پلان بی میں تین لوگ ملوث ہیں جن کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ، میرے پاس ٹھوس معلومات ہیں ، اس لیے قوم کےسامنے معلومات لارہا ہوں۔