فواد چوہدری کے جیل سے باہر آتے ہی الیکشن کمیشن پر تابڑ توڑ وار

چیف الیکشن کمشنر کو چاہیے میرے خلاف غداری کی ایف آئی آر کٹوانے پر سیکریٹری الیکشن کمیشن کو کمرے میں بلائیں، کنڈی لگائیں اور اسکو دو چھتر لگائیں، عدالت میں بھی کہہ کر آیا ہوں جو باتیں کی ہیں اس پر قائم ہوں، ایک لفظ سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، رہنما تحریک انصاف کا کارکنوں سے خطاب

الیکشن کمیشن کے ارکان اور ان کے خاندانوں کو دھمکانے کے کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل سے باہر آتے ہی  پھر الیکشن کمیشن کو نشانے پر لے لیا۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے خلاف ایف آئی آر کٹوانے پر سیکریٹری الیکشن کمیشن کو کمرے میں بلا کر دو چھتر لگانے کا مشورہ دیدیا۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن دھمکی کیس: فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور

شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدہ چھوڑ دیا، نوازشریف کے ترجمان محمد زبیر کی تصدیق

تحریک انصاف کے رہنما  فوادچوہدری نے جیل سے رہائی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے  ہوئے  کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو ایف آئی آر کٹوائی ہے اور جس پر غداری کا کیس بنایا گیا، اس سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو کہتا ہوں کہ مشورہ دینے والے اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو کمرے میں بلائیں، کنڈی لگائیں اور اس کو  دو چھتر لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں بھی کہا ہے کہ جو باتیں کی ہیں اس پر اسٹینڈ کرتا ہوں، ایک لفظ بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل عدالت نے فوادچوہدری کی مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ فواد چوہدری کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا، اس شرط پر ضمانت منظور کر رہے ہیں کہ فواد چوہدری دوبارہ ایسا بیان نہیں دیں گے۔

متعلقہ تحاریر