90 روز میں انتخابات نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک شروع کردیں گے، عمران خان
عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے لیے رضاکاروں کو ناموں کی رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کردی۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات 90 روز سے آگے گئے تو آئین کا آرٹیکل 6 لگے گا ، 25 دن گزر گئے، دونوں گورنرز نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی ، کون سا آئین اجازت دیتا ہے کہ پرامن احتجاج کرنے والوں پر تشدد کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کے نام ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے لیے رضاکار اپنے اپنے ناموں کا اندراج کرائیں ، عوام اپنے ناموں کی رجسٹریشن کرائیں اور رضاکارانہ طور پر سامنے آئیں ، جیل بھرو تحریک پرامن احتجاج ہے جس کی آئین ہمیں اجازت دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شہباز گل پارٹی رہنماؤں سے نالاں ، پی ٹی آئی چھوڑنے کی تردید کردی
مہنگائی پر قابو پانا صوبوں کی ذمہ داری ہے، مریم نواز نے وزیراعظم کو کلین چٹ دے دی
عمران خان کا کہنا ہے کہ عدالتوں نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی فوری تاریخ دے ، ایک ماہ ہوگیا اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے ، وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ، آئین میں بڑا واضح لکھا ہے کہ 90 روز میں انتخابات کرائے جائیں، انتخابات 90 روز سے آگے گئے تو جیل بھرو تحریک شروع کردیں گے ، ہمارے سامنے دو راستے تھے ایک تشدد اور پتھراؤ کا مگر ہم نے جیل بھرو تحریک کا چناؤ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک معیشت کا بیڑاغرق ہو گیا ہے صورتحال سب کے سامنے ہے ، ہم نے واضح بتایا تھا کہ ان سے معیشت سنبھالی نہیں جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کی قربانی دی ، قوم کا آئین اور قانون سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے ، ہمارے دور میں انہوں نے تین مرتبہ لانگ مارچ اور دھرنے دیئے مگر ہم نے سختی نہیں کی۔ مگر جب پی ٹی آئی نے 25 مئی کو پرامن لانگ مارچ کیا تو انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنان اور تحریک کی قیادت کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔