مریم نواز نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا ہے کہ ملک کو مشکلات کا سامنا ہے صرف عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے نہیں ، بلکہ 22 کروڑ عوام کو ایک ذہنی مریض کے سپرد کردیا گیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی دس سال حکومت رہی ، عمران خان نے کوئی کالج یا یونیورسٹی نہیں بنا کردی ، خیبر پختونخوا میں ان کا ایک بھی منصوبہ نظر نہیں آتا۔ صوبے کی عوام کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے۔

ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے ورکز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی لگانے کی بجائے جنگل کاٹ کر کھا گئے ، عمران خان نے کےپی کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ، عمران خان نے کےپی پولیس کے لیے کچھ نہیں کیا ، جواب دیا جائے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ملنا والا بجٹ کدھر گیا؟ نواز شریف کی نقل کرکے بی آر ٹی منصوبہ بنایا گیا جو چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جیل بھرو تحریک میں خود گرفتاری دوں گا، عمران خان

90 روز میں انتخابات نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک شروع کردیں گے، عمران خان

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو نکالنے والے گروہ کا سرغنہ تو عمران خان ہے ، شاہ محمود قریشی نے تسلیم کیا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی گئی ، انہیں اقتدار سے نکالا گیا۔ نواز شریف کو اقامے پر نکالاگیا ، آکر قوم کو جواب دیں ، جو جو اس سازش میں شامل تھے۔ زیادتی نواز شریف کے ساتھ نہیں ہوئی زیادتی اس ملک کے ساتھ ہوئی۔

عمران خان کو ذہنی مریض کہتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس قوم کا کیا قصور تھا جس پر یہ ذہنی مریض مسلط کردیا گیا ، آج اسے مہنگائی یاد آگئی ہے ، مہنگائی بھی اسی کی دی ہوئی ہے ، آئی ایم ایف سے کیا گیا تمارا معاہدہ یہ حکومت اور یہ قوم بھگت رہی ہے ، آج کس مہنگائی کا رونا رو رہے ہو یہ مہنگائی تمہاری دی ہوئی ہے ، نواز شریف کے چار سالوں میں پاکستان ترقی کررہا تھا اور عمران خان کے چار سالوں میں پاکستان نیچے جارہا تھا۔

ایک مثال دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کسی جنگل میں ایک بندر نے آگ لگادی ، ہر کوئی شیر کو بلانے لگا کہ آؤ آؤ آکے آگ بجھاؤ ، ایک بیچارہ شیر کہاں کہاں کی آگ بجھائے گا ، اس سے بھی تو پوچھو جس نے آگ لگائی تھی۔ نواز شریف نے بھی آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا تھا چار سال تک آٹے کی قیمت 35 روپے فی کلو رہی۔ چینی کی  قیمت 50 سے 55 روپے فی کلو رہی۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ عران خان کہتا ہے مجھے اقتدار سے نکالنے کے لیے عالمی سازش بنائی گئی ، عالمی سازش سے سازش امریکا تک آگئی ، امریکا سے سازش ڈونلڈ لو تک آگئی ، وہ سازش چلتے چلتے آج محسن نقوی تک آگئی ہے، پھر ہاتھ جوڑ کر امریکا سے معافی مانگنے  لگا ، اب کہہ رہا ہے کہ مجھے مارنے کے لیے آصف علی زرداری نے سازش کی ہے اور اب کہہ رہا ہے کہ مجھے ایجنسیز نے مارنے کی سازش بنا رکھی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا میرا سوال ہے کہ آپ اپنے آپ کو اتنا اہم کیوں سمجھتے ہیں کہ ساری دنیا آپ ہی کے خلاف سازش کررہی ہے۔ ملک کو مشکلات کا سامنا ہے صرف عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے نہیں ، بلکہ 22 کروڑ عوام کو ایک ذہنی مریض کے سپرد کردیا گیا تھا۔

اپنے خطاب کے شروع میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا نے ہمیشہ شاندار استقبال کیا ، اپنی اور نواز شریف کی طرف سے آپ کا شکریہ اداکرتی ہوں۔ آج خواتین ونگ اور کل ضلعی صدور سے ملاقات کروں گی۔ نواز شریف نے مجھے چیف آرگنائزر کی ذمے داری سونپی ہے۔

متعلقہ تحاریر