پی ڈی ایم والے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، فواد چوہدری
رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے استعفے منظور کرلیے اب الیکشن کمیشن انتخابات کرانے سے فرار ہورہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ وقت پر انتخابات کرائے ، لیکن ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود شیڈول نہیں دیا جارہا ، عمران خان کو روکنے کے لیے سارے جوکر ہم پر مسلط کردیئے گئے، مریم نواز سیکورٹی کے بغیر نکلیں ٹماٹر مفت ملیں گے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد میں غداری کیس میں پیشی کے موقع پر کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا جب انگریز حکمرانی کرتے تھے تو ایسے مقدمے بنائے جاتے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
مجھے نااہل کروا کے جیل میں ڈالنا نواز شریف کی شرائط ہیں، عمران خان
جنرل باجوہ اور شہباز شریف کے قریبی تعلقات رجیم چیج کی وجہ بنے، عمران خان
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو مذاق بنا رکھا ہے جو قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بن چکا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکمران پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفے قبول کرنے میں بہت جلدی کرتے ہیں، پھر بھی وہ انتخابات کرانے کو تیار نہیں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) انتخابات کرانے کا پابند ہے ، پھر بھی وہ اپنے فرض کی ادائیگی سے بھاگ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘کل مریم نواز نے کہا کہ ملک میں آٹے اور ٹماٹر کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔’ میرا مریم نواز کو مشورہ ہے کہ وہ سیکورٹی کے بغیر نکلیں انہیں مفت ٹماٹر ملیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا راستہ روکنے کی کوشش میں ’جوکرز‘ قوم پر مسلط کردیئے گئے ہیں، شہباز شریف اور بلاول بھٹو عام طور پر پاکستان میں رہتے نہیں ہیں اور پاکستان کی شرمندگی کا باعث بھی بن رہے ہیں۔
غداری کیس کا حوالہ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کیس برطانوی دور میں بنتے تھے اور ایسی احمقانہ پالیسیوں کا نتیجہ نہ صرف الٹا ہوا بلکہ 1970 میں پاکستان کو نقصان بھی اٹھانا پڑا۔