الیکشن آگے لے جانے والے پر آرٹیکل 6 لگے گا، شیخ رشید احمد
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عمران خان قوم کی آواز ہے، لوگوں نے اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، وہ کہیں گے تو گرفتاری کے لیے سب سے پہلے اپنا نام دیتا ہوں۔
پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو 90 دن سے آگے الیکشن لے کر جائے گا وہ غدار ہو گا، ایسا کرنے والے پر آرٹیکل 6 لگے گا۔
ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمران خان سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر عمران خان نے شیخ رشید کی خیریت دریافت کی اور سگار کا ڈبہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کر دیا
عطاء اللہ تارڑ کا سپریم کورٹ سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کا مطالبہ
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کل صبح 11 بجے اپنی رہائش گاہ پر اہم پریس کانفرنس کروں گا، ملک میں فوری الیکشن کرائے جائیں۔
مریم نواز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مریم بیٹیوں جیسی ہے، میں عورتوں پر بات نہیں کرتا، اگر آپ کی حکومت نہیں تو مریم بتائے کس کی حکومت ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز بتائے کہ حکومت کون چلا رہا ہے اور یہ کیسے آئی ہے، مریم نواز اپنے خاوند کو تو اپنے ساتھ ملا لیں۔
مہنگی بجلی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جو بجلی چوری ہوتی ہے وہ بلوں میں ڈال دی جاتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کی آواز ہے، لوگوں نے اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، عمران خان کو کہا ہے وہ کہیں تو گرفتاری کے لیے سب سے پہلے اپنا نام دیتا ہوں۔