نیوٹرل آج بھی اس حکومت کے پیچھے کھڑے ہیں، عمران خان کا سنگین الزام

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آپ فری اینڈ فیئر انتخابات کرا دیں۔

چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف کےمارشل میں ایسا نہیں دیکھا،جو اس حکومت نے ہمارے لوگوں کے ساتھ کیا، میں نے مارشل لاء میں بھی کبھی اس طرح کا ظلم نہیں دیکھا، جیل بھرو تحریک احتجاج کرنے کا پُرامن طریقہ ہے، مریم نواز کے دوروں پر پنجاب حکومت کا پیسہ خرچ کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج شام قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت شفاف انتخابات کے علاوہ سب کچھ کر رہی ہے، لیکن ہم  پھر بھی گھبرانے والے نہیں، پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے دھمکیوں کے باوجود ہمارا ساتھ دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ لیڈرشپ کی اتنی گرفتاریاں ہوئی ہوں، مجھ پر دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ میں وہاں پر تھا بھی نہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ کا سرگودھا ورکرز کنونشن: مریم نواز نے حاضر سروس ججز پر سنگین الزامات دھر دیئے

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نہ ہوتی تو پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات ہوتے، کوشش کی جارہی ہے عمران خان کو نااہل کراؤ، اعتماد کے ووٹ کے وقت ہمارے لوگوں کو کہا گیا عمران خان پر کاٹا لگا دیا آپ ن لیگ میں جائیں ، ان کی ضمانت اور عمران خان کے وارنٹ نکال دیئے جاتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے نگران حکومت کیلئے وہ نام دیئے جو قابل بھروسہ تھے ، کیئرٹیکرز کو شہباز شریف لیڈ کر رہا ہے، انہوں نے تقریباً تمام 22 افراد کو پنجاب میں لگایا جنہوں  نے ہم پر ظلم کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 90 دن کے بعد نگران حکومت کسی طور برقرار نہیں رہ سکتی ، نگران حکومت کا واحد کام الیکشن کرانا تھا، یہ الیکشن کے سوا سارے کام کررہے ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خود کو نیوٹرلز کہنے والوں نے کہا آپ ن لیگ کی سی ایم شپ لے لیں ، ہمارے ایم پی ایز پر پریشر ڈالا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی گرفتار سینئر قیادت سے دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، مونس الہٰی کے ساتھی کو اٹھا کر لے گئے تین دن غائب رکھا، شاہ محمود قریشی کو اٹک اور اسدعمر کو لیہ جیل بھجوا دیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کبھی ایسی جانبدار نگران حکومتیں نہیں آئیں، ایسے ہی حالات تھے، جب سری لنکا میں عوام نے سٹرکوں پر آکر وزیراعظم کا گھر جلا دیا تھا، خود کو نیوٹرل کہنے والے آج بھی اس حکومت کے پیچھے کھڑے ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آئین کہتا ہے کہ عام آدمی کی عزت کو پامال نہیں کرسکتے ، میرے خلاف 70 مقدمے بنا دیئے گئے ، الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج ہوتا ہے میں وہاں تھا بھی نہیں اور مقدمہ ہوگیا ، ججز سے کہتا ہوں، یہ فیصلہ کن وقت ہے۔

نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آج تک کوئی کام دیانت داری سے نہیں کیا ، نواز شریف اپنے امپائر لگا کر کرکٹ میچ کھیلتے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 224 پڑھ لیں الیکشن 90 دن سے آگے نہیں جاسکتے ، ملک کو اس دلدل سے نکالنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے وہ الیکشن۔

متعلقہ تحاریر