عمران خان کا جیل بھرو تحریک ختم کرنے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات  کے لیے انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی) کے آج کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے ملک بھر میں جیل بھرو تحریک ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گورنرز کی جانب سے انتخابات کی تاریخیں نہ دینے کے اعلان کے بعد سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 17 فروری کو جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی بالترتیب  14 اور 18 جنوری کو تحلیل ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

نقیب اللہ قتل کیس: راؤ انوار کی بریت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

میرابس چلے تو بجلی 300 روپے یونٹ ،پٹرول 500 روپے لیٹر کردوں،مخدوم احمد محمود

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز 22 فروری کو لاہور سے شروع کیا گیا ، جب پی ٹی آئی کی سینئر قیادت شاہ محمود قریشی ، اسد عمر اور دیگر رہنماؤں نے کارکنان کے ہمراہ گرفتاریاں دی تھیں۔ بعدازاں پولیس حکام نے شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل جبکہ اسد عمر کو راجن پور جیل میں منتقل کردیا گیا تھا۔

بدھ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا ہے کہ ” ہم عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ آئین کا تحفظ SC کا فرض تھا اور معزز ججز نے آج اپنے فیصلے کے ذریعے یہ فرض نہایت بہادری سے نبھایا ہے۔”

چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے فیصلے میں مزید لکھا ہے کہ "یہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی پر تصدیق کی ایک مہر ہے۔ ہم اپنی جیل بھرو تحریک معطل کر رہے ہیں اور KP اور پنجاب میں انتخابی مہم کیجانب بڑھ رہے ہیں۔”

یاد رہے کہ آج (بدھ کے روز) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخیں دینے کی تاخیر پر ازخود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصلہ صادر کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو گورنرز اور الیکشن کمیشن کو صدر مملکت کے ساتھ مشاورت کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر