یہ 1998-99 نہیں ہے آج قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، عمران خان
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ، تمام ججز نے کہا کہ 90دن میں الیکشن کروانے ہیں، پہلے بھی ایسے فیصلے ہوتے تو ملک آج بہت آگے چلا جاتا، وزیرقانون کے بیان کی شدید مذمت کرتےہیں۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیرقانون کا بیان شرمناک ہے، اپنی قوم کی طرف سے عدلیہ کو مبارکباد دیتاہوں، 26 سال پہلے میں نے انصاف کی تحریک شروع کی، وہ قوم ترقی کرتی ہے جہاں قانون کی حکمرانی اور انصاف ہو۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج شام پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایسے حالات ہوگئے ہیں کہ ہر جگہ سے پیسے مانگنے پڑتےہیں، نیسلن منڈیلا نے کہاکہ اگر غربت ختم کرنی ہے تو قانون کی حکمرانی قائم کریں، ملک پر آج مافیا کا قبضہ ہے، یہ لوگ گزشتہ 9ماہ سے ملک پر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ نیب قانون میں ترمیم کر کے 1100 ارب کا خود کو فائدہ پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کو توبہ تائب ہوکر اصولوں کی سیاست کرنی چاہیے ، خورشید شاہ
مریم نواز نے انتخابات کرانے کی شرائط پیش کردیں، میاں صاحب کی واپسی کی تاریخ نہیں دی
سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے اقتدار میں آکر صرف اپنے قرض معاف کرائے، انہوں نے ہر ممکن کوشش کہ کسی طرح انتخابات نہ ہوں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ 1998-99 نہیں ہے آج قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے جوڈیشری کو تقسیم کیا ہے، تمام ججز نے کہا کہ 90دن میں الیکشن کروانے ہیں، پہلے بھی ایسے فیصلے ہوتے تو ملک آج بہت آگے چلا جاتا، وزیرقانون کے بیان کی شدید مذمت کرتےہیں، ن لیگ ہمیشہ انصاف سے بھاگتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ لوگ آکشن کے ذریعے اقتدار میں آتے ہیں، انہوں نے باہر کی قوتوں کو ملا کر حکومت گرانی کی سازش کی، یہ آزاد عدلیہ کبھی نہیں چاہتے، پاکستان کی جمہوریت کو انہوں نے نقصان پہنچایا۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا واضح فیصلہ ہے کہ 90دن میں الیکشن ہوں ، ماحول بنا کر 90دن میں الیکشن ہونے پر سوال اٹھایا جارہا ہے، ہم پورا زور لگائیں گے کوئی چیز غیر آئینی نہ ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اگلے ہفتے سے الیکشن مہم چلائیں گے ، ہفتے کے روز عوام کے سامنے اپنا لائحہ عمل رکھوں گا، آج اس راستے پرنکل چکے ہیں جو پاکستان کو عظیم قوم بنائے گا، یہ لوگ الیکشن سے ڈرتے ہیں، پاکستان کی جمہوریت کو انہوں نے نقصان پہنچایا۔
تحریک انصآف کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ جو کررہے ہیں اس سے ملک مسلسل دلدل میں جارہا ہے، ان لوگوں نے پاکستان کو ایک بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے پوری کوشش کی کہ اقتدار میں رہیں عوام کی رائے نہ آئے، میں گھر بیٹھا ہوا تھا پھر بھی دہشتگردی کا مقدمہ درج کردیا گیا۔ آصف زرداری کے37ارب روپے کے کیس پر کوئی بات نہیں کرتا ، مجھ پر کبھی توشہ خانہ کبھی ممنوعہ فنڈنگ کا کیس بنایا گیا۔