مضحکہ خیز مقدمات میں مجھے عدالتوں میں بلاکر قتل کی پلاننگ ہورہی ہے، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے مجھے عدالتوں کے چکر لگوا رہے ہیں جہاں کوئی سیکورٹی نہیں ہے۔ پنجاب پولیس عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے مریم نواز کو پروٹوکول دیتی ہے۔
![سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان](https://news360.tv/wp-content/uploads/2023/03/عمران-خان-کا-کارکنان-سے-خطاب.jpg)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے پھر مجھے عدالتوں میں بلایا جارہا ہے ، شہباز شریف کو 16 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں سزا ہونی تھی مگر جنرل باجوہ نے اسے بچا کر ملک کا وزیراعظم بنادیا۔ رانا ثناء اللہ پر قتل کے کیسز ہیں وہ وزیر داخلہ بنا بیٹھا ہے ، لوگ کہتے ہیں آصف زرداری نے مرتضیٰ بھٹو کو قتل کروایا تھا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف نے زمان پارک میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا بیماری کا بہانہ بنا کر لندن بھاگنے والا نواز شریف باہر بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے ، لندن میں بیٹھے شخص نے ملک کو لوٹا۔
یہ بھی پڑھیے
زرداری کا وزیراعظم کو الیکشن التوا میں ڈال کر توہین عدالت سے باز رہنے کا مشورہ
عمران خان انتخابی مہم ضرور چلائیں: معیشت کیسے ٹھیک ہوگی وہ پلان بتائیں
آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سندھ میں جاکر لوگوں سے پوچھو آصف علی زرداری کتنا ظلم کررہا ہے؟ جنرل باجوہ نے آصف علی زرداری کا بھی بچایا اب وہ پیچھے بیٹھ کر فیصلے کررہا ہے، لوگ کہتے ہیں زرداری نے مرتضیٰ بھٹو کو قتل کرایا تھا۔
شہباز شریف کو کرائم منسٹر کہتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کرائم منسٹر پیسے مانگنے کےلیے دنیا بھر میں پھر رہا ہے ، لوگ اسے دھتکار رہے ہیں۔ شہباز شریف پولیس مقابلوں میں لوگوں کو مرواتا تھا۔
پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جنہوں نے مجھے تحفظ فراہم کرنا ہے مجھے انہی سے خطرہ ہے ، گھر بیٹھا ہوتا ہوں مجھ پر دہشتگردی کے مقدمات بن جاتے ہیں ، میں مطالبہ ہے کہ توشہ خانہ کیس کی براہ راست سماعت ہو۔ مضحکہ خیز مقدمات میں مجھے عدالتوں میں بلایا جارہا ہے۔ مجھے عدالتوں کے چکر لگوا رہے ہیں جہاں کوئی سیکورٹی نہیں ہے۔ پنجاب پولیس عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے مریم نواز کو پروٹوکول دیتی ہے۔
جب بھی توشہ خانہ کیس سنا جائے تو سماعت پبلک ہو، عمران خان#News360 #ImranKhan #Zaman_Park pic.twitter.com/OFK57DVHva
— News 360 (@officialnews360) March 5, 2023
لندن فلیٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کہتی ہے کہ لندن کے فلیٹس ان کے نہیں ہیں مگر اس کا بھائی تسلیم کرتا ہے کہ فلیٹس ہمارے ہیں۔ مریم نواز پاناما کیس میں پکڑی گئی ، میرا نام ای سی ایل میں ڈال بھی دیں تو مجھے کوئی خوف نہیں ، جب ای سی ایل میں ان کا نام آجاتا ہے تو اُن کی ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔
سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا مجھے مضحکہ خیز مقدمات میں عدالتوں میں بلایا جارہا ہے ، کیونکہ میرے قتل کی پلاننگ ہو رہی ہے ، یہ لوگ عدالتوں میں بلوا کر مجھے قتل کروانا چاہتے ہیں۔