پاکستان کوئی پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں جو ڈیفالٹ ہوکر دوبارہ کھڑا نہ ہوسکے، آصف زرداری

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ تناظر میں سابق صدر کا بیان اس بات کی چغلی کھا رہا ہے کہ پاکستان عملاً ڈیفالٹ کرچکا ہے۔

سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم ایک ملک ہیں ، پبلک لیمیٹڈ کمپنی نہیں ہیں کہ ہمارے شیئر گر جائیں گے تو سنبھل نہیں پائیں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ موجودہ تناظر میں سابق صدر کا بیان اس بات کی غماضی کرتا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرچکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری نے گذشتہ روز وہاڑی میں میڈیا کے خصوصی نشست کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا بلاول بھٹو زرداری جوان آدمی ہیں انہیں غصہ جلد آجاتا ہے ، ہم 67 برس کے ہیں ہمیں غصہ پینے کی عادت ہے۔ کہتے ہیں سیاسی لوگوں سے بات ہوسکتی ہے مگر عمران خان کے ساتھ بات نہیں ہوسکتی ہے ، کیونکہ عمران خان خود کہتا ہے کہ یوٹرن لینا میری خصلت ہے ، سیاسی آدمی یوٹرن کیسے لے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مضحکہ خیز مقدمات میں مجھے عدالتوں میں بلاکر قتل کی پلاننگ ہورہی ہے، عمران خان

جنہوں نے مجھے تحفظ دینا ہے انہیں سے میری جان کو خطرہ ہے ، عمران خان

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا عمران خان کو گرفتار کرنا یا نہ کرنا وزیر داخلہ کا صوابدیدی اختیار ہے میں کسی کے ڈومین میں گھسنا پسند نہیں کرتا۔

ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا میری سوچ تو یہی ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے۔ ڈیجیٹل مردم شماری پر سندھ کو اعتراض ہے۔ ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے مگر حکومت کا حصہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا ہم ایک ملک ہیں ، پبلک لیمیٹڈ کمپنی نہیں ہیں کہ ہمارے شیئر کرجائیں گے تو سنبھل نہیں سکیں گے ، جاپان دس مرتبہ دیوالیہ ہوا ہے ، پھر اس نے کم بیک ہے ، امریکا دیوالیہ ہوا ہے ، پھر کم بیک کرگیا ، کبھی آپ دیکھتے ہیں کہ دبئی کی قیمتیں بالکل ہی گر گئیں ، پھر اس نے کم بیک ہے۔ اس لیے یہ بات سمجھ لیں کہ ملک اس طرح سے نہیں چلتے جیسے پبلک لیمیٹڈ کمپنی چلتی ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ملک بچانے کے لیے اقتدار سے ہٹایا گیا کیونکہ وہ تمام ریاستی اداروں کو بیچنا چاہتے تھے۔ عمران خان مزید وزیراعظم کے عہدے پر رہتے تو ملک کو مکمل طور پر برباد کر دیتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف راجن پور کا ضمنی الیکشن مہنگائی کی وجہ سے جیتی ہے نہ کہ عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے۔

دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگلے انتخابات کے وقت اس معاملے کو دیکھے گی۔

آصف زرداری نے سید یوسف رضا گیلانی کو ان کی سیاسی جدوجہد پر سراہا جو چھ سال تک قید رہے، ان کا کہنا تھا کہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے انہیں پیپلز پارٹی کی پچھلی حکومت میں وزیراعظم بنایا تھا۔

متعلقہ تحاریر